دہلی میں بجلی کی تاروں کو زیر زمین کرنے کا پائلٹ پروجیکٹ شروع

   

نئی دہلی 12جولائی (یو این آئی) وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے ہفتہ کے روز شالیمار باغ اسمبلی حلقہ میں اوور ہیڈ بجلی کی تاروں کو زیر زمین کرنے کے پہلے پائلٹ پروجیکٹ کا آغاز کیا۔ریکھا گپتا نے آج یہاں کہا کہ یہ اہم پروجیکٹ تقریباً تین ماہ کی مدت میں مکمل ہوگا۔ یہ کام نہ صرف دہلی کے خوبصورت منظر کو بہتر بنائے گا بلکہ شہریوں کی حفاظت کو بھی یقینی بنائے گا۔ اس سے شالیمار باغ کے بی ایچ بلاک جنتا فلیٹس میں رہنے والے تقریباً 5500 خاندانوں کو فائدہ پہنچے گا اور اس سے علاقے کا فضائی منظر بھی بہتر ہوگا۔ اس پوری اسکیم کے نفاذ کے بعد شہریوں کو ہر موسم میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے گا۔وزیر اعلیٰ نے کہاکہ آج شروع ہونے والا منصوبہ، جس میں اوور ہیڈ وائرنگ کو زیر زمین کیا جا رہا ہے ، دہلی کے لیے پائلٹ پروجیکٹ ہے ۔ یہ تکنیکی ترقی کے ساتھ ہی واضح وژن کی علامت ہے ، جس سے دارالحکومت کے توانائی کے نظام کو زیادہ محفوظ اور منظم بنایا جائے گا۔ تاروں کا کھلا اور بے ترتیب نظم سے شہر کی خوبصورتی متاثر ہوتی ہے اور شہریوں کی سلامتی بھی خطرے میں پڑتی ہے ۔