نئی دہلی، 14 دسمبر (آئی اے این ایس)کمیشن برائے فضائی معیار نظم و نسق (سی اے کیو ایم) نے دہلی اور قریبی این سی آر ریاستوں کو ہدایت دی ہے کہ خراب فضائی معیار کے دوران بیرونی جسمانی کھیلوں کے مقابلے ملتوی کرنے سے متعلق سپریم کورٹ کے حکم پر فوری اور سختی سے عمل یقینی بنایا جائے۔سی اے کیو ایم نے خبردارکیا کہ واضح ہدایات کے باوجود دہلی این سی آر کے بعض اسکول اور ادارے اب بھی بیرونی کھیلوں کی سرگرمیاں جاری رکھے ہوئے ہیں، جو بچوں کی صحت کے لیے سنگین خطرہ ہیں۔ یہ ہدایات سپریم کورٹ کے 19 نومبر کے حکم (ایم سی مہتا بنام یونین آف انڈیا) کی بنیاد پر جاری کی گئی تھیں۔کمیشن نے دہلی، ہریانہ، راجستھان اور اتر پردیش کے چیف سیکریٹریزسے کہا ہے کہ تمام اسکولوں، تعلیمی اداروں اور اسپورٹس تنظیموں کو بیرونی کھیل فوری طور پر بند کرنے کی ہدایات جاری کی جائیں اور والدین و تعلیمی اداروں کو آلودہ ہوا کے نقصانات سے آگاہ کیا جائے۔ فضائی آلودگی میں شدید اضافہ کے بعد سی اے کیو ایم نے دہلی این سی آر میں گریڈڈ رسپانس ایکشن پلان (جی آر اے پی) کے تحت اسٹیج تھری پابندیاں نافذ کردیں، کیونکہ دہلی کا ایئر کوالٹی انڈیکس 401 تک پہنچ گیا تھا۔
