نئی دہلی۔ 6 فروری (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کی بدرپور اسمبلی سیٹ سے عام آدمی پارٹی (آپ) کے ممبر اسمبلی اور اس بار انتخابات میں بہوجن سماج پارٹی (بی ایس پی) کے امیدوار نارائن دت شرما پر جمعرات کی رات تین نامعلوم افراد نے مبینہ طور پر حملہ کیا ۔ بی ایس پی سربراہ مایاوتی شرما پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے الیکشن کمیشن اور پولیس سے قصورواروں کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ۔پولیس نے آج بتایا کہ شرما پر تین لوگوں نے لاٹھی سے حملہ کیا جس میں وہ زخمی ہو گئے ہیں۔ شرما سال 2015 کے اسمبلی انتخابات میں آپ کے ٹکٹ پر بدرپور سے منتخب ہوئے تھے ۔ پارٹی نے اس بار انہیں ٹکٹ نہیں دیا۔ آپ پارٹی نے اس بار کانگریس سے آئے رام سنگھ نیتا جی کو امیدوار بنایا ہے ۔ ٹکٹ نہ ملنے سے ناراض ہو کر شرما بی ایس پی کے ٹکٹ پر الیکشن لڑ رہے ہیں۔ مایاوتی نے بھی شرما پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے ٹوئٹر پر لکھا، ’’بدرپور سے بی ایس پی امیدوار مسٹر نارائن دت شرما پر کل رات میں کیا گیا جان لیوا حملہ انتہائی شرمناک اور قابل مذمت ہے ‘‘۔