نئی دہلی: قومی دارالحکومت دہلی میں ایک بار پھر غیر ضروری تعمیرات پر پابندی لگا دی گئی ہے۔ فضائی آلودگی میں اضافے کے پیش نظر مرکز کے ایرکوالٹی کمیشن نے جمعہ کو دہلی ۔ این سی آر میں فیزڈ ریسپانس ایکشن پلان کے تیسرے مرحلے کے تحت پابندیوں کو نافذ کرنے کی ہدایت دی۔ اس کے تحت غیر ضروری تعمیرات اور انہدام کے کام پر پابندی بھی شامل ہے۔ دہلی کا 24 گھنٹے کا اوسط ایر کوالٹی انڈیکس جمعہ کو 399 رہا، جو شدید زمرے سے صرف دو درجے نیچے تھا۔ جی آر اے پی کی ذیلی کمیٹی نے ایک جائزہ اجلاس میں دہلی ۔ این سی آر میں حکام کو انسداد آلودگی پلان کے تیسرے مرحلے کے تحت پابندیوں کو فوری اثر سے نافذ کرنے کی ہدایت کی۔ پابندیوں کے دوران ضروری کاموں کے علاوہ کسی بھی غیر ضروری تعمیر کی اجازت نہیں ہوگی۔