امریکی و برطانوی سفارت خانوں سے خواتین کیلئے رہنمایانہ خطوط کی اجرائی
حیدرآباد۔12جنوری(سیاست نیوز) تنہاء سفر کرنے والی خواتین کے لئے دہلی محفوظ شہر نہیں رہا اور دہلی میں غیر ملکی خواتین کے ساتھ روا سلوک کو دیکھتے ہوئے بین الاقوامی سفر کے متعلق رینکنگ کرنے والی کمپنیوں اور اداروں کے علاوہ امریکی و برطانوی سفارتخانوں نے بھی دہلی کا تنہاء سفر کرنے والی خواتین کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے ہیں۔ہندستان کے دارالحکومت دہلی کو دنیا کے ان 5 شہرو ںمیں شامل کیا گیا ہے جہاں تنہاء سفر کے دوران خصوصی احتیاط برتنے کی ضرورت ہوتی ہے۔سفر و سیاحت کے سلسلہ میں عالمی سطح پر سیاحوں کی رہنمائی کرنے والی کمپنیوں کی جانب سے تنہاء سفر کرنے والے سیاحوں کے لئے جو رہنمایانہ خطوط جاری کئے جاتے ہیں ان میں شہروں کے سیاسی حالات‘جرائم اور دیگر امور کو پیش نظر رکھتے ہوئے رہنمایانہ خطوط جاری کئے جاتے ہیں اوراب عالمی سطح کے 5شہروں میں دہلی کو دوسرا نمبر دیا گیا ہے اور پہلا مقام جکارتہ کو جو انڈونیشیائی شہر ہے اس شہر میں پائی جانے والی مجرمانہ سرگرمیو ںکو مد نظر رکھتے ہوئے شہرکو پہلا ایسا شہر قراردیا گیا ہے جہاں تنہاء سفر کرنا مناسب نہیں ہے۔اسی طرح ہندستان کے دارالحکومت کو دوسراشہر قرار دیا گیا ہے جہاں خواتین کو تنہاء سفر کرنے سے احتیاط کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے اور ان کے لئے رہنمایانہ خطوط جاری کرتے ہوئے ان سے کہا گیا ہے کہ وہ دہلی میں جہاں کہیں جائیں گروپ کی شکل میں جائیں اور تنہاء سفر کرنے سے گریز کریں۔اسی طرح مابقی تین شہرو ںمیں میکسیکو کے شہر میکسیکو سٹی کو تیسرا مقام دیا گیا ہے اورچوتھے نمبر پر کولمبیائی شہر بوگوٹا رکھا گیا ہے اس کے علاوہ پانچویں نمبر پر وینیزولا کے شہر کاراکس کو رکھا گیا ہے اور ان 5 عالمی شہروں میں تنہاء سفر سے گریز کا مشورہ دیا گیا ہے جس سے ان شہروں کی سیاحت میں کمی واقع ہونے کا خدشہ ہے۔بتایاجاتا ہے کہ ہندستان بالخصوص دہلی میں پیش آنے والے عصمت ریزی اور خواتین سے چھیڑ چھاڑ کے واقعات کو نظر میں رکھتے ہوئے دہلی میں خواتین کے تنہاء سفر کو نامناسب قرار دیا گیا ہے جبکہ اس کے علاوہ کوئی اور وجہ نہیں بتائی گئی ہے اس رپورٹ میںبرطانوی اور امریکی سفارتکاروں کی جانب سے جاری کئے گئے رہنمایانہ خطوط کا بھی تذکرہ کیا گیا ہے جس میں ان سفارتی عہدیداروں نے خواتین کو گروپ کی شکل میں نکلنے کی ہدایت دی ہے۔