نوئیڈا میں افرا تفری‘ عوام کو سخت مشکلات کا سامنا
نئی دہلی ۔23؍جون ( ایجنسیز)دہلی-این سی آر میں منگل کی دوپہر اچانک آنے والی شدید آندھی اور طوفان نے لوگوں میں خوف و ہراس پیدا کر دیا۔ تیز ہواؤں کے باعث دہلی میں کئی مقامات پر سڑک کنارے کھڑے درخت اکھڑ گئے جبکہ نوئیڈا میں ٹین کی کئی چھتیں اڑ گئیں۔ دیکھتے ہی دیکھتے موسم نے ایسا خوفناک رخ اختیار کیا کہ سڑکوں پر گاڑیوں کی رفتار تھم گئی اور لوگ محفوظ مقامات کی تلاش میں اِدھر اْدھر بھاگتے نظر آئے۔ نوئیڈا میں آنے والے اس شدید طوفان نے معمولات زندگی کو بری طرح متاثر کر دیا ہے۔دہلی۔این سی آر میںتیز رفتار آندھی اور طوفان کے باعث چند ہی منٹوں میں موسم کا مزاج مکمل طور پر تبدیل ہو گیا۔ آسمان پر سیاہ بادل چھا گئے اور تیز ہواؤں کے ساتھ گرد و غبار کے بادل کئی کلومیٹر دور تک اڑتے دکھائی دیے۔ نوئیڈا کے شہری علاقوں سے لے کر گریٹر نوئیڈا ویسٹ، جیور، دنکور، بلاس پور اور آس پاس کے دیہی علاقوں تک آندھی کے وسیع اثرات دیکھنے میں آئے۔ تیز ہواؤں کے باعث نوئیڈا کے سیکٹر۔18، سیکٹر۔16 سمیت کئی علاقوں میں لوگوں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اچانک آنے والے طوفان سے لوگوں میں افراتفری کا ماحول پیدا ہو گیا اور کئی جگہوں پر آمد و رفت بھی متاثر ہوئی۔