تمام اسکولس، کالجس اور یونیورسٹیز اتوار تک بند‘پینے کے پانی کی شدید قلت، عوام پریشان
دہلی: اس وقت ملک کی راجدھانی دہلی میں یمنا ندی خطرے کے نشان سے اوپر بہہ رہی ہے اور دہلی کی سڑکیں زیر آب آگئیں ہیں۔ سیلاب کا پانی کئی علاقوں میں داخل ہو گیا ہے۔ جس کے بعد دہلی کے تمام اسکول، کالج اور یونیورسٹیاں اتوار تک بند کردی گئی ہیں۔ یہ فیصلہ دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی کی میٹنگ میں لیا گیا۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے یہ اطلاع دی۔وزیر اعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ یمنا کے پانی کی بڑھتی ہوئی سطح کو دیکھتے ہوئے اتوار تک اسکول، کالج اور یونیورسٹیوں کو بند رکھنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ نیز ضروری خدمات فراہم کرنے والے تمام سرکاری دفاتر کو چھوڑ کر باقی تمام سرکاری دفاتر اتوار تک گھر سے کام کریں گے۔ انہوں نے نجی دفاتر کو اتوار تک گھر سے کام کرنے کا مشورہ دیا ہے۔دریں اثنا، دہلی کے وزیر ٹرانسپورٹ کیلاش گہلوت نے کہا کہ یمنا ندی کے بڑھتے ہوئے پانی کی سطح کو دیکھتے ہوئے احتیاطی اقدام کے طور پر، ریاستی حکومت نے شہر کی چاروں سرحدوں سے ضروری سامان لے جانے والی گاڑیوں کے علاوہ بھاری سامان کی گاڑیوں کے داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔ جس میں سندھو بارڈر بھی شامل ہے۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی جانب سے جاری کردہ حکم نامے کی کاپی ٹوئٹر پر شیئر کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یمنا ندی میں پانی کی سطح میں غیرمعمولی اضافہ کے پیش نظر سندھو بارڈر، بدر پور بارڈر، لونی بارڈر اور چلا بارڈر سے بھاری سامان کی گاڑیوں کا داخلہ احتیاطی اقدام کے طور پر پابندی لگا دی گئی ہے۔دوسری طرف یمنا کے پانی کی سطح بڑھنے سے دارالحکومت آنے اور جانے والی 342 ٹرینیں بھی متاثر ہوئی ہیں۔ ان میں سے تقریباً 140 ٹرینیں منسوخ کر دی گئی ہیں۔ اس کے علاوہ ڈی ایم آر سی نے یمنا بینک میٹرو اسٹیشن پر داخلے پر پابندی لگا دی ہے۔ وزیر اعلی اروند کیجریوال نے لوگوں سے ایک دوسرے کی مدد کرنے کی اپیل کی ہے۔ ادھر کئی مقامات سے خبریں آرہی ہیں کہ جمنا کا پانی نشیبی علاقوں میں داخل ہونے کی وجہ سے پینے کے پانی کی بھی قلت پیدا ہوگئی ہے۔سی ایم کیجریوال نے ٹوئٹ کیا کہ یمنا میں پانی کی سطح بڑھنے کی وجہ سے وزیرآباد، چندروال اور اوکھلا واٹر ٹریٹمنٹ پلانٹ کو بند کرنا پڑ رہا ہے۔ اس کی وجہ سے دہلی کے کچھ علاقوں میں پانی کا مسئلہ ہو سکتا ہے۔ جیسے ہی جمنا کا پانی کم ہو جائے گا۔ انہیں جلد از جلد شروع کرنے کی کوشش کریں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق کملا نگر، شکتی نگر، کرول باغ، پہاڑ گنج، این ڈی ایم سی ایریا، پرانے اور نئے راجندر نگر، پٹیل نگر، بلجیت نگر، پریم نگر، اندرا پوری میں پانی کی سپلائی میں خلل پڑ سکتا ہے۔اس کے علاوہ کالکاجی، گووند پوری، تغلق آباد، سنگم وہار اور امبیڈکر نگر میں بھی لاکھوں لوگوں کو پانی کی قلت کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ پرہلاد پور، رام لیلا میدان، دہلی گیٹ، سبھاش پارک، ماڈل ٹاؤن، گلابی باغ، پنجابی باغ میں بھی پانی کی فراہمی میں خلل پڑ سکتا ہے۔ اس کے علاوہ جہانگیر پوری، مول چند، ساؤتھ ایکسٹینشن، گریٹر کیلاش، بروری اور آس پاس کے علاقوں میں پانی کی قلت رہے گی۔اطلاعات کے مطابق پانی لال قلعہ تک پہنچ گیا ہے ۔کئی شاہراہوں پر ٹریفک کا رخ موڑ دیا گیا ۔
