اتم کمار ریڈی، کنتیا، حسین دلوائی اور دوسروں کی شرکت، امبیڈکر مجسمہ کی تنصیب کا مطالبہ
حیدرآبا۔/6 مارچ، ( سیاست نیوز) حیدرآباد میں دستور ہند کے معمار ڈاکٹر بی آر امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب روکنے کے خلاف آج نئی دہلی کے جنتر منتر پر کُل جماعتی دھرنا منظم کیا گیا۔ سابق صدر پردیش کانگریس وی ہنمنت راؤ کی قیادت میں منعقدہ اس دھرنا میں آل انڈیا کانگریس کمیٹی کے سکریٹری بوس راج، مہاراشٹرا کے رکن پارلیمنٹ حسین دلوائی، این سی پی کے قائد آنند کمار، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی انچارج تلنگانہ رامچندر کنتیا ، پردیش کانگریس کے صدر اتم کمار ریڈی، سابق صدر پردیش کانگریس پونالہ لکشمیا، جنرل سکریٹری اے آئی سی سی سمپت کمار، ایم ومشی چندر ریڈی، سابق رکن کونسل راملو نائیک، سابق ارکان پارلیمنٹ ملو روی، بلرام نائیک، سریش شیٹکار، ایس راجیا کے علاوہ کانگریس قائدین وینو گوپال، وائی انجنی کمار اور سی پریتم نے شرکت کی۔ مختلف دلت تنظیموں کے قائدین میں دیانند، کنہیا، مہیش، راجو اور دوسروں نے اظہار یگانگت کیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے مقررین نے تلنگانہ حکومت سے مانگ کی کہ پنجہ گٹہ میں ڈاکٹر امبیڈکر کے مجسمہ کی تنصیب کی اجازت دی جائے۔ وی ہنمنت راؤ کی جانب سے کی جانے والی جدوجہد کی تائید کی گئی۔ صدر پردیش کانگریس اتم کمار ریڈی نے کے سی آر حکومت پر مخالف دلت ہونے کا الزام عائد کیا اور کہاکہ امبیڈکر کے مجسمہ کو پولیس کی تحویل میں لینا دراصل دلتوںکی توہین ہے۔ انہوں نے ہنمنت راؤ کی تحریک سے مکمل یگانگت کا اظہار کیا۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ پنجہ گٹہ میں مجسمہ کی تنصیب تک جدوجہدجاری رہے گی۔ انہوں نے بتایا کہ حیدرآباد کے دھرنا چوک میں بہت جلد مہا دھرنا منظم کیا جائے گا۔ انہوں نے کے سی آر حکومت کو عوامی احتجاج کی دھمکی دی ہے۔