دہلی میں خواتین کو ہر ماہ 2500 روپئے دیں گے :کانگریس

   

کرناٹک میں تمام گیارنٹی پروگراموں کے کامیاب آغاز کے بعد دہلی میں ’پیاری دیدی ‘اسکیم کا منصوبہ

نئی دہلی: دہلی اسمبلی انتخابات کے لیے عام آدمی پارٹی کی ’مہیلا سمان‘ اسکیم کے جواب میں کانگریس نے آج کہا کہ اگر اس کی حکومت بنتی ہے تو دہلی میں خواتین کے لیے ’پیاری دیدی یوجنا‘ نافذ کی جائے گی جس کے تحت ہر خاتون کو ماہانہ 2500 روپئے دیے جائیں گے ۔کرناٹک کے نائب وزیراعلیٰ ڈی کے شیوکمار، دہلی کانگریس کے انچارج نظام الدین، دہلی پردیش کانگریس کے صدر دیویندر یادو، مہیلا کانگریس کی صدر الکا لامبا اور کانگریس کی ترجمان راگنی نائک نے آج یہاں دہلی پردیش کانگریس کے دفتر میں ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں کہا کہ کانگریس یہ وعدہ کرتی ہے اور اگر وہ دہلی میں اقتدار میں آتی ہے تو ’پیاری دیدی یوجنا‘ کے تحت خواتین کو 2500 روپئے دیے جائیں گے ۔شیو کمار نے کہا کہ کانگریس نے کرناٹک میں اقتدار میں آنے کے بعد کئے گئے تمام وعدوں کو عملی جامہ پہنایا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ کرناٹک میں تمام گیارنٹی پروگراموں کے کامیاب آغاز کے بعد ہم دہلی میں ’پیاری دیدی‘ اسکیم شروع کر رہے ہیں۔ مجھے پورا بھروسہ ہے کہ دہلی میں کانگریس کی حکومت بنے گی اور ہم پہلے دن ہر خاتون کے لئے 2500 روپئے کی اسکیم نافذ کریں گے ۔ کرناٹک ماڈل کے مطابق یہی ضمانت دہلی میں بھی نافذ کی جائے گی۔ دویندر یادو نے کہا کہ کانگریس کی ایک تاریخ اور روایت رہی ہے ، جس کی عوام میں ساکھ ہے ۔ کرناٹک میں ہماری حکومت گرہ لکشمی اسکیم کے تحت خواتین کو ہر ماہ 2000 روپئے دے رہی ہے ۔ اس کے علاوہ کرناٹک میں گریہ جیوتی یوجنا، انا بھاگیہ یوجنا اور یووا ندھی یوجنا بھی جاری ہیں۔ ان اسکیموں کی وجہ سے ریاست کے خاندانوں کے ہزاروں روپئے بچ رہے ہیں۔ اسی طرح ہم تلنگانہ اور ہماچل پردیش میں عوام کو فائدہ پہنچانے کے لیے کئی عوامی فلاحی اسکیمیں بھی چلا رہے ہیں۔کانگریس کی دہلی یونٹ کے انچارج قاضی نظام الدین نے کہا کہ آئندہ اسمبلی انتخابات کے لیے کانگریس سماجی بہبود اور خواتین کو بااختیار بنانے سے متعلق پہلی ضمانت شروع کر رہی ہے ۔ کانگریس ہمیشہ سماجی بہبود اور خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے تیار رہی ہے ۔ کرناٹک میں بھی حکومت بنتے ہی کانگریس نے پہلی کابینہ میں سماجی بہبود کے لیے اپنا منصوبہ طے کیا تھا اور اسے نافذ کیا تھا۔ اس لیے خواتین کو بااختیار بنانے کے لیے دہلی میں کانگریس ضروری ہے ۔