دہلی میں سردی کی لہر، اسکولس 15 جنوری تک بند

,

   

نئی دہلی : قومی دارالحکومت دہلی میں سخت سردی کے پیش نظر حکومت نے حکم دیا ہے کہ ڈائریکٹوریٹ آف ایجوکیشن کے تحت تمام پرائیویٹ اسکول 15 جنوری تک بند رہیں گے۔ دہلی حکومت نے نجی اسکولوں کے لیے ایڈوائزری جاری کی ہے۔ دہلی میں کچھ اسکول 8 جنوری تک بند تھے اور 9 جنوری سے کھلنے والے تھے۔ تاہم اس حکم کے بعد اب اسکولوں کی چھٹیوں میں مزید سات دن کی توسیع کر دی گئی ہے۔ دوسری جانب دہلی میں سرکاری اسکول پہلے ہی یکم جنوری سے 15 جنوری تک بند ہیں۔بتادیں کہ اس وقت پورے شمالی ہندوستان میں برفیلی ہواؤں کا اثر ہے۔ دہلی کی سردی بھی قہر ڈھا رہی ہے۔ پنجاب، ہریانہ، چندی گڑھ، دہلی، اتر پردیش، اتراکھنڈ، شمالی راجستھان، بہار، مغربی بنگال، سکم، آسام، تریپورہ، مدھیہ پردیش میں اگلے دو سے تین دن تک کہرہ جم کر قہر ڈھانے والا ہے ، جس کے پیش نظر محکمہ موسمیات نے کئی وارننگز جاری کی ہیں۔ ریاستوں کے لئے ریڈ اور آرینج الرٹ جاری کیا گیا ہے۔دارالحکومت دہلی میں آئے روز سردی کے ریکارڈ ٹوٹ رہے ہیں۔ اتوار کو موسم کا سرد ترین دن تھا۔ صفدرجنگ میں کم از کم درجہ حرارت 1.9 ڈگری ریکارڈ کیا گیا۔ گزشتہ تین دنوں سے دارالحکومت کا کم از کم درجہ حرارت ہل اسٹیشن سے بھی کم ریکارڈ کیا گیا ہے۔ ہفتہ کو دہلی سمیت پورے شمالی ہندوستان میں شدید سرد لہر رہی اور دارالحکومت کے کئی حصوں میں کم از کم درجہ حرارت 1.5 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔دہلی کے موسمیاتی سنٹر صفدرجنگ آبزرویٹری میں کم از کم درجہ حرارت 2.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا، جو ہماچل پردیش اور اتراکھنڈ کے بیشتر مقامات اور جموں و کشمیر کے کچھ سیاحتی مقامات سے بھی کم ہے۔ سرد لہر کی وجہ سے وسطی دہلی کے ریجنل ویدر اسٹیشن پر کم از کم درجہ حرارت 1.5 ڈگری سیلسیس تک نیچے گر گیا۔