نئی دہلی 22 اپریل(سیاست ڈاٹ کام ) قومی دارالحکومت دہلی میں لوک سبھا الیکشن میں کانگریس’ بی جے پی اور عام آدمی پارٹی کے درمیان سہ رخی مقابلہ ہوگا اور شمال مشرقی دہلی سیٹ پر کانگریس اور بی جے پی کہ ریاستی صدور آمنے سامنے ہوں گے ۔کانگریس اور عام آدمی کے درمیان گذشتہ کئی دنوں سے دہلی میں انتخابی تال میل کے سلسلے میں بات چیت چل رہی تھی ۔ گوکہ عام آدمی نے درمیان میں ہی اپنے امیدواروں کا اعلان کردیا تھا ۔ سیٹوں کے سلسلے میں اتفاق رائے نہیں ہوسکا اور بالآخرکانگریس نے بھی نامزدگی داخل کرنے کے آخری دن سے ایک دن قبل آج سات میں سے چھ سیٹوں کے لئے اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا۔کانگریس نے دہلی کی ریاستی صدر اور سابق وزیر اعلی شیلا دکشت کو شمال مشرقی دہلی سے میدان میں اتارا ہے جہاں ان کا مقابلہ بی جے پی کے ریاستی صدر اور شمال مشرقی دہلی کے موجودہ ممبر پارلیمنٹ منوج تیواری سے ہوگا۔ مسٹر تیواری بھوجپوری فلموں کے مشہور اداکار اور گلوکار ہیں اور اس پارلیمانی حلقہ میں بھوجپوری بولنے والے اترپردیش اور بہار کے ووٹروں کی اچھی تعداد ہے۔
