شراب کے عادی افراد کا ہجوم، سماجی دوری کا ضابطہ بالائے طاق
نئی دہلی ۔ 4 مئی (سیاست ڈاٹ کام) قومی دارالحکومت میں کوویڈ۔19 لاک ڈاؤن کے سبب گذشتہ 40 دن بند رکھنے کے بعد کھولی گئیں شراب کی دوکانات پیر کو دوبارہ بند کردی گئیں جب شرابیوں کا ہجوم سماجی دوری کے ضابطہ کو بالائے طاق رکھتے ہوئے وہاں امڈ پڑا جنہیں منتشر کرنے کیلئے پولیس نے ہلکا لاٹھی چارج کیا۔ ایک عہدیدار کے مطابق مرکزی وزارت داخلہ کی طرف سے نرمی کے بعد شراب کی 150 سرکاری دوکانات کو 9 بجے صبح سے 6:30 بجے شام تک کھلا رکھنے کی اجازت دی گئی تھی لیکن کئی شرابیوںکو صرف شراب کی سرکاری دوکانات کھلے رکھنے کی اجازت کا کوئی علم نہ تھا اس طرح وہ بوراری، میئورویہار، گاندھی ویہار، روہن جنکپور میں شراب کی دوکانات کے باہر کثیر تعداد میں جمع ہوگئے تھے۔ دوکانات بند کرنے کے بعد اکثر شرابی گھر جانے سے انکار کرتے ہوئے شراب کی دوکانات کے روبرو یا قریبی گلی کوچوں میں پڑے رہنے کو ترجیح دی ان کا کہنا تھا کہ وہ خالی ہاتھ گھر نہیں جائیں گے۔ دوکانات دوبارہ کھلنے تک یہاں رہیں گے اور دوکان کھلنے کے بعد شراب لیکر ہی گھر واپس ہوں گے۔یہ دکانات بعد میں کھول دی گئیں۔