نارائن پیٹ میں ریتو کولی سنگم کی بھوک ہڑتال چھٹے دن میں داخل
نارائن پیٹ : ضلع مستقر نارائن پیٹ پر میونسپل پارک کے روبرو کسانوں کی زنجیری بھوک ہڑتال آج چھٹے دن میں داخل ہوگئی۔ بھوک ہڑتالی کیمپ میں آج دہلی میں جاری کسانوں کے احتجاج کے دوران شہید ہونے والے 33 کسانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا اور اس عزم کا اظہار کیا گیا کہ مرکزی حکومت کے کسانوں کے خلاف بنائے گئے قانون کو واپس لینے تک احتجاج جاری رہے گا۔ قبل ازیں انمیش چاری، سی پی آئی ایم ایل نیو ڈیموکریسی ریاستی قائد نے مطالبہ کیاکہ مرکز میں برسر اقتدار بی جے پی حکومت کسانوں کے خلاف لائے گئے قوانین کو منسوخ کرے۔ اُنھوں نے کسانوں کے احتجاج کو ملک دشمن سرگرمیاں اور دہشت گرد تنظیمیں قرار دینا انتہائی نچلے درجہ کی حرکت ہے۔ اُنھوں نے کہاکہ سرمایہ داروں کو فائدہ پہنچانے کی خاطر غریب کسانوں کا استحصال بی جے پی حکومت کے لئے مہنگا ثابت ہوگا۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت اگر سمجھتی ہے کہ کسان طویل احتجاج سے تنگ آکر باز آجائیں گے اور خاموشی اختیار کرلیں گے تو یہ حکومت کی بھول ہے۔ اُنھوں نے احتجاجی شہید کسانوں کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہاکہ کسانوں کا خون ضرور رنگ لائے گا۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکزی حکومت دراصل انبانیوں کے اشاروں پر کام کررہی ہے۔ پی وائی ایل کے ضلعی جنرل سکریٹری محمد سلیم نے انتباہ دیا کہ ریاست تلنگانہ کے کسان مطالبات کی عدم تکمیل پر احتجاج میں شدت پیدا کریں گے اور یہ احتجاج منڈل سطح پر بھی شروع کیا جائے گا۔ اس موقع پر سی پی آئی ایم ایل نیو ڈیموکریسی کے ریاستی قائد کشٹا ریڈی، کونڈیا، وینکٹ رام ریڈی، حاجی ملنگ، کاشی ناتھ، بال رام و دیگر بائیں بازو جماعتوں کے قائدین شریک تھے۔