دہلی میں عآپ کے 5 کونسلر س بی جے پی میں شامل

   

نئی دہلی ۔ دہلی میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات سے پہلے حکمراں عام آدمی پارٹی (عآپ) کو بڑا جھٹکا لگا ہے۔ اتوارکو عام آدمی پارٹی کے 5 کونسلر بی جے پی میں شامل ہو گئے۔ بی جے پی میں شامل ہونے والے پانچ کونسلروں میں رام چندر بوانا، پون سہراوت بوانا، منجو نرمل، سوگندھا بیدھوری اور ممتا پون شامل ہیں۔ عام آدمی پارٹی کے جن پانچ کونسلروں نے سمت بدلی ہے ان میں رام چندر وارڈ نمبر 28، پون سہراوت وارڈ نمبر 30، منجو نرمل وارڈ نمبر 180، سوگندھا بیدھوری وارڈ نمبر 178 اور ممتا پون وارڈ نمبر 177 ہیں۔ ان کونسلرز کے رخ بدلنے کے بعد اب حکمران جماعت کو باقی کونسلرزکو متحد رکھنے کا چیلنج درپیش ہے۔ پانچ کونسلروں کے پارٹی چھوڑنے کے بعد، عام آدمی پارٹی کے رہنما اور وزیر سوربھ بھردواج نے بی جے پی پر تنقید کی۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں خوف کی فضا ہے، جس نے جانا ہے وہ جائے گا۔ مجھے نہیں معلوم کہ کس نے کس وجہ سے پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ کیا ہے لیکن ملک میں خوف کی فضا ہے۔ اس وقت دہلی کے اندرکا ماحول بھی ایسا ہی ہے ۔ اگر بڑے افسر بی جے پی کے سامنے جھکتے ہیں تو چھوٹے کونسلر سے سوال کرنا فضول ہے۔ دریں اثناء دہلی بی جے پی کے صدر وریندر سچدیوا نے کہا کہ یہ پانچ کونسلر جو بی جے پی میں شامل ہوئے ہیں وہ عام آدمی پارٹی کی بدعنوانی اور کام کرنے والے رویہ سے تنگ آچکے ہیں۔ ان سب کی ایک ہی رائے ہے کہ جس طرح وزیر اعظم مودی سب کو ساتھ لے کر چل رہے ہیں، اسی طرح وہ دہلی میں بھی اپنے لوگوں کے لیے ایسا ہی کرنا چاہتے ہیں۔ ہم تمام کونسلرزکو خوش آمدید کہتے ہیں۔