دہلی میں فرقہ وارانہ کشیدگی کی صورتحال

   

مندر میں توڑپھوڑ کے واقعہ پر امیت شاہ نے کمشنر پولیس کو طلب کرلیا
نئی دہلی،3جولائی (سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر داخلہ امیت شاہ نے چاندنی چوک علاقے میں دو فریقوں کے درمیان ہوئے تشدد کے معاملے میں دہلی کے پولیس کمشنر امولئے پٹنائک کو چارشنبہ کو طلب کیا اور ان سے صورت حال کی معلومات لی۔شاہ کے پارلیمنٹ میں واقع دفتر میں پٹنائک نے ان سے ملاقات کی اور انہیں چاندنی چوک علاقے میں امن و قانون کی صورت حال اور ملزمین کے خلاف دہلی پولیس کی جانب سے کی گئی کارروائی سے واقف کرایا۔پولیس کمشنر نے وزیر داخلہ سے ملاقات کے بعد میڈیا کو بتایا کہ انہوں نے امیت شاہ کو تفصیلات سے واقف کروایا ہے۔ واضح رہے کہ حوض قاضی میں اتوار کی رات تقریباً ساڑھے دس بجے ایک مقامی پھل فروش سنجیو گپتا کی عاص محمد نامی ایک شخص سے اس کے گھر کے باہر گاڑی کھڑی کرنے کے سلسلے میں بحث ہوگئی تھی۔بعد میں مبینہ طورپر عاص محمد کچھ اور لوگوں کو ساتھ لے کرآیا اور سنجیو کے گھر پر حملہ کردیا تھا۔حملے میں ایک نابالغ سمیت تین افراد گرفتار کئے جاچکے ہیں۔پولیس اور مرکزی ریزرو پولیس فورس کے 1000 سے زیادہ اہلکاروں کو علاقے میں تعینات کردیاگیا ہے ۔یہاں دکانیں اتوار سے ہی بند ہیں اور مقامی لوگوں نے ایک امن مارچ نکالاہے ۔