دہلی میں فسادات جیسے حالات پیدا کیے جا رہے ہیں: راہول گاندھی

   

نئی دہلی، 19 مارچ (یواین آئی) کانگریس لیڈر راہول گاندھی نے بی جے پی پر نفرت پھیلا کر دہلی میں دوبارہ فسادات جیسے حالات پیدا کرنے کا الزام لگایا ہے اور لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ کسی کے بہکاوے میں نہ آئیں۔ راہول گاندھی نے جمعرات کو سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں کہا کہ بی جے پی چاہتی ہے کہ ملک ہندو-مسلمان کے مسائل میں الجھا رہے تاکہ لوگ مختلف دیگر مسائل پر سوال نہ پوچھ سکیں۔انہوں نے ہولی کے موقع پر دارالحکومت کے اتم نگر کے واقعہ کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ اتم نگر کے لوگوں نے تشدد کی بھاری قیمت چکائی ہے ۔ ایک طرف ایک نوجوان لڑکے ، ترون، کی جان چلی گئی، دوسری طرف ایک پورا خاندان ظلم و ستم کا سامنا کر رہا ہے ۔ انہیں مزید خون خرابہ نہیں چاہیے ۔ راہول گاندھی نے الزام لگایا ہے کہ بی جے پی اور اس کا ’ایکو سسٹم‘ نفرت کے ماحول کو فروغ دے کر تشدد سے سیاسی فائدہ اٹھانا چاہتا ہے۔ انہوں نے الزام لگایا کہ وہ چاہتے ہیں کہ ملک ہندو۔مسلمان میں الجھا رہے تاکہ لوگ یہ نہ پوچھ سکیں کہ آخر وزیر اعظم ملک کا دفاع، توانائی کی حفاظت، غذائی تحفظ اور اسٹریٹجک خودمختاری کو امریکہ کے حوالے کرنے پر کیوں مجبور ہیں۔