کانگریس ترجمان دیاکر کا الزام، امیت شاہ سے استعفیٰ کا مطالبہ
حیدرآباد۔/28 فبروری، ( سیاست نیوز) پردیش کانگریس کمیٹی کے ترجمان کے دیاکر نے نئی دہلی میں فساد اور تباہی کیلئے بی جے پی کی خانگی فوج کو ذمہ دار قراردیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے اے دیاکر نے کہا کہ دہلی فسادات کی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے امیت شاہ سے سونیا گاندھی نے استعفیٰ کا مطالبہ کیا۔ یہ مطالبہ حق بجانب تھا کیونکہ نئی دہلی میں لاء اینڈ آرڈر مرکزی حکومت کے تحت ہے۔ امیت شاہ فسادات پر قابو پانے میں ناکام ہوگئے اور بی جے پی کے ان قائدین کے خلاف کوئی کارروائی نہیں کی گئی جن کی اشتعال انگیز تقاریر تشدد کا باعث بنی۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے عوام سونیا گاندھی کے مطالبہ کی مکمل تائید کرتے ہیں۔ بی جے پی کیڈر نے پولیس کی نگرانی میں تشدد برپا کیا۔ انہوں نے کہا کہ فسادات اور جانی و مالی نقصانات پر نریندر مودی اور امیت شاہ کی خاموشی معنی خیز ہے۔ انہوں نے کہا کہ مجلس اور بی جے پی قائدین کی اشتعال انگیز تقاریر کے خلاف مرکز کو کارروائی کرنی چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی دہلی کے عوام سے اس لئے ناراض ہے کہ اسمبلی انتخابات میں عوام نے عام آدمی پارٹی کی تائید کی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی رکن پارلیمنٹ نے مہاتما گاندھی کے خلاف بیان بازی کی لیکن بی جے پی قیادت خاموش رہی۔ ملک کو جو بھی سربراہ مملکت آتا ہے وہ مہاتما گاندھی کو خراج پیش کرتا ہے۔ دیاکر نے کہا کہ بی جے پی مذہبی سیاست کے ذریعہ کامیابی حاصل کرنا چاہتی ہے لیکن عوام نے دہلی میں اس منصوبہ کو مسترد کردیا۔ انہوں نے کہا کہ دہلی میں گجرات کی طرز پر فسادات کئے گئے اور بی جے پی تشدد کو ملک بھر میں پھیلانا چاہتی ہے۔