دہلی میں فضائی آلودگی کا خراب معیار، پروازیں متاثر

,

   

Ferty9 Clinic

کئی علاقوں میں آلودگی کی سطح تشویشناک ، چاندنی چوک سب سے زیادہ متاثر
نئی دہلی۔ 5 جنوری (یو این آئی) پیر کی صبح دہلی میں شدید دھند کی دبیز چادر چھائی رہی، جبکہ قومی دارالحکومت میں فضائی آلودگی کا معیار خراب سے انتہائی خراب کی سطح پر برقرار رہا، جس کے باعث اندرا گاندھی انٹرنیشنل (آئی جی آئی) ایئرپورٹ پر پروازوں کی آمد و رفت متاثر ہوئی۔سنٹرل پولیوشن کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے مطابق صبح 8 بجے تک دہلی کا مجموعی ایئر کوالٹی انڈیکس (اے کیو آئی) 260 سے 262 کے درمیان ریکارڈ کیا گیا، جو مسلسل دوسرے دن ’خراب‘ زمرے میں رہا۔کئی علاقوں میں آلودگی کی سطح تشویشناک رہی۔ اکشردھام میں اے کیو آئی 294 جبکہ آئی ٹی او میں 253 سے 256 ریکارڈ کیا گیا، جو دونوں ‘خراب’ زمرے میں آتے ہیں۔ آنند وہار میں صورتِ حال خراب رہی جہاں اے کیو آئی 320 ریکارڈ ہوا اور یہ علاقہ ’انتہائی خراب‘ درجے میں شامل ہو گیا۔ چاندنی چوک سب سے زیادہ متاثرہ علاقوں میں شامل رہا، جہاں اے کیو آئی 337 تک پہنچ گیا۔دیگر مقامات جیسے علی پور (275)، براڑی (216)، دوارکا سیکٹر 8(288) اور منڈکا (281) بھی ’خراب‘زمرے میں رہے ۔ تاہم آیا نگر (178)، باوانا (195)، آئی جی آئی ایئرپورٹ (153)، آئی آئی ٹی دہلی (192)، لودھی روڈ (182) اور این ایس آئی ٹی دوارکا (171) میں فضائی معیار ’درمیانہ‘ درج کیا گیا۔ شدید دھند اور اسموگ کے باعث صبح کے اوقات میں حدِ نگاہ کم ہو گئی، جس کے نتیجے میں آئی جی آئی ایئرپورٹ پر متعدد پروازوں میں تاخیر ہوئی۔ حکام نے مسافروں کو سفر سے قبل پروازوں کے اوقات کی تصدیق کرنے کا مشورہ دیا ہے ۔ ماہرین موسمیات کے مطابق موسمِ سرما کی مخصوص صورتحال، کم درجہ حرارت، ہلکی ہوائیں اور زیادہ نمی نے آلودگی کو زمین کی سطح کے قریب روک رکھا ہے ، جس سے خراب فضائی معیار بڑھ گیا ہے ۔ طبی ماہرین نے خبردار کیا ہے کہ مسلسل دھند بچوں، بزرگوں اور سانس کے مریضوں کے لیے صحت کے خطرات میں اضافہ کر رہی ہے ۔ ادھر، کمیشن فار ایئر کوالٹی مینجمنٹ (سی اے کیو ایم) کے تحت گریڈڈ ریسپانس ایکشن پلان (جی آر اے پی) کی ذیلی کمیٹی نے جمعہ کی شام مرحلہ سوم (اسٹیج III) کی پابندیاں واپس لے لیں، اور اس کی وجہ موافق موسمی حالات کے باعث فضائی معیار میں نمایاں بہتری آئی ہے ۔