امن کی برقراری کیلئے چیف منسٹر کی عوام سے اپیل
نئی دہلی ۔ 26 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے کہا کہ شمال مشرقی دہلی کے علاقوں میں پرتشدد واقعات اور کشیدہ صورتحال پر پولیس کی جانب سے قابو نہیں پایا جارہا ہے اس لئے متاثرہ علاقوں میں فوج کو طلب کرنا چاہئے۔ اروند کجریوال نے کہا کہ صورتحال خطرناک ہوگئی۔ انہوں نے بتایا کہ اس سلسلہ میں انہوں نے مرکزی وزیرداخلہ امیت شاہ کو بھی مکتوب روانہ کیا ہے۔ اپنے ٹوئیٹ میں دہلی کے چیف منسٹر نے بتایا کہ وہ رات بھر بڑی تعداد میں لوگوں سے رابطہ میں تھے۔ متاثرہ علاقوں کی صورتحال خطرناک ہوگئی ہے۔ پولیس اپنی تمام تر کوششوں کے باوجود صورتحال پر قابو پانے اور شہریوں میں اعتماد بحال کرنے کی اہل نہیں ہے۔ انہوں نے کہا کہ موجودہ صورتحال میں فوج کو طلب کرنے اور دیگر متاثرہ علاقوں میں فوری کرفیو نافذ کرنے کی ضرورت ہے۔ اطلاعات کے مطابق اس وقت جعفرآباد میں کرفیو نافذ کیا گیا ہے جبکہ دیگر علاقوں میں دفعہ 144 نافذ ہے۔ گذشتہ تین دن سے دہلی میں پرتشدد واقعات کا سلسلہ جاری ہے جس میں تقریباً 23 افراد ہلاک ہونے کی اطلاع ہے۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے کہا کہ فسادات سے کسی کو کچھ حاصل نہیں ہوتا بلکہ یہ سماج کا نقصان ہے۔ انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ قومی دارالحکومت میں امن وقانون کو برقرار رکھیں اور ہم آہنگی کا مظاہرہ کریں۔ دہلی میںعام آدمی پارٹی کی حکومت ہے لیکن پولیس اور امن و قانون کی ذمہ داری مرکزی حکومت کے پاس ہے۔
