دہلی میں لاک ڈاؤن میں نرمی نہیں کی جائے گی: کجریوال

,

   

دکانات کھلی رکھنے مرکز کے فیصلہ پر عمل آوری ، لاک ڈاؤن کی صورتحال پر آج اجلاس

نئی دہلی، 26اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) دہلی حکومت نے قومی راجدھانی میں لاک ڈاون میں کسی طرح کی ڈھیل نہیں دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہاکہ مرکزی وزارت داخلہ نے جو رہنما ہدایات جاری کی ہیں اسی کے مطابق رہائشی علاقوں میں ایک دکا دکا دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی جائے گی۔وزیراعلی اروند کیجریوال نے میڈیا سے کہا کہ وزارت داخلہ نے رہائشی علاقوں کی جن اکا دکا دکانوں کو کھولنے کی اجازت دی ہے دہلی حکومت صرف ان کی ہی اجازت دے گی۔ کنٹرول علاقہ میں ان کی اجازت نہیں ہوگی۔ انہوں نے کہاکہ لاک ڈاون کا 27اپریل کو جائزہ لیا جائے گا۔ دہلی میں شاپنگ مال اور تھوک بازاروں کو کھولنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔انہوں نے کہاکہ دہلی میں گزشتہ کچھ وقت سے کورونا وائرس کے مریضوں کی تعداد کم ہوئی ہے اور گزشتہ ہفتہ 622 مریض آئیں۔ کافی تعداد میں مریض ٹھیک بھی ہوئے ہیں۔ اموات بھی کم ہوئی ہیں۔ دہلی میں کورونا کے 2625مریض ہیں اور 54کی موت ہوئی ہے ۔وزیراعلی اروند کیجریوال نے کہا کہ وہ خود ایک ایک مریض پر نظر رکھ رہے ہیں۔ ایک ایک شخص کی جان قیمتی ہے ۔ مشکل وقت ہے اور سب کو مل کر ساتھ چلنے کی ضرورت ہے جس محنت سے کورونا پر کنٹرول میں مدد ملی ہے اسے آئندہ بھی قائم رکھنا ہے ۔انہو ں نے کورونا سے ٹھیک ہوئے لوگوں سے پلازمہ عطیہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہاکہ یہ دوسرے متاثرین کی جان بچانے میں کارگرنظر آرہا ہے ۔ وزیراعلی نے کہا کہ ایل این جے پی میں کورونا سے سنگین طورپر بیمار مریض کو پلازمہ دینے سے اس کی حالت میں بہتری آئی ہے ۔ اس کے مدنظر جو مریض ٹھیک ہوئے ہیں وہ پلازمہ دینے کے لئے آگے آئیں، جس سے دیگر کا علاج کرنے میں مدد ملے ۔چیف منسٹر دہلی ارویند کجریوال نے آج کہا کہ قومی دارالحکومت کے مرکز کے فیصلہ پر وہ عمل آوری کریں گے ۔ مرکزی حکومت نے بعض دوکانات کو کھولنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جس پر دہلی حکومت بھی عمل کرے گی ۔ میڈیکل اسٹورس ، گروسری اسٹورس ، پھل و ترکاری کی دوکانات اور ڈیری کھلے رہیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ رہائشی علاقوں کی دوکانات بھی کھلی رہیں گی ۔