دہلی میں مسجد کے قریب انہدامی کارروائی پر کشیدگی، پولیس پر پتھراؤ

,

   

Ferty9 Clinic

قانونی اجازت کے بغیر قائم تعمیرات پر ایم سی ڈی کی کارروائی، ترکمان گیٹ میں سکیورٹی سخت

نئی دہلی، 7 جنوری (یو این آئی) دہلی کے رام لیلا میدان کے قریب چہارشنبہ کو علی الصبح تجاوزات ہٹانے کی مہم کے دوران مقامی لوگوں کی جانب سے پتھراؤ کیے جانے کے سبب پانچ پولیس اہلکار معمولی طور پر زخمی ہو گئے ۔دہلی ہائی کورٹ کے حکم پر دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) نے قومی دارالحکومت میں رام لیلا میدان کے قریب ترکمان گیٹ پر واقع درگاہ فیض الٰہی مسجد کے اطراف موجود غیر قانونی ڈھانچوں کے خلاف انہدامی کارروائی شروع کی تھی، اسی دوران یہ واقعہ پیش آیا۔سینئر پولیس افسر ندھین والسَن نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ تقریباً 25 تا 30 افراد نے پولیس ٹیموں پر پتھراؤ کیا، جس میں پانچ پولیس اہلکار معمولی طور پر زخمی ہوگئے ۔ انہوں نے کہا کہ صورتحال کو قابو میں کرنے کیلئے ہمیں آنسو گیس کا استعمال کرنا پڑا۔ وہاں ایک بینکوئٹ ہال اور ایک دواخانہ تھا جنہیں منہدم کر دیا گیا ہے ۔ یہ کارروائی دیر رات کی گئی تاکہ عوام کو کسی قسم کی پریشانی نہ ہو۔ انہوں نے مزید کہا کہ پتھراؤ میں ملوث افراد کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔اس سے قبل جاری ایک بیان میں دہلی کی سنٹرل رینج کے جوائنٹ کمشنر مدھُر ورما نے بتایا کہ پورے علاقے کو احتیاط کے ساتھ نو زونز میں تقسیم کیا گیا تھا جن میں سے ہر ایک کی نگرانی ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر آف پولیس رینک کے ایک افسر کے سپرد کی گئی تھی۔ تمام حساس مقامات پر مناسب تعداد میں پولیس فورس تعینات کی گئی تھی۔بیان میں کہا گیا کہ انہدامی کارروائی سے قبل امن و امان کو یقینی بنانے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بچنے کے لئے امن کمیٹی کے اراکین اور دیگر مقامی متعلقین کے ساتھ متعدد میٹنگیں کی گئیں نیز احتیاطی اور اعتماد سازی کے تمام تراقدامات کیے گئے تھے ۔آئی پی ایس ورما کے مطابق انہدام کے دوران چند شرپسند عناصر نے پتھراؤ کر کے بدامنی پیدا کرنے کی کوشش کی، تاہم صورتِ حال پر فوراً قابو پا لیا گیا، جس کے نتیجے میں بغیر کسی تصادم کے حالات معمول پر آ گئے ۔عدالتی احکامات کے مطابق دہلی پولیس امن و امان کو یقینی بنانے کے لئے ہر ممکن تدبیر کررہی ہے ۔