دہلی میں منشیات کا غیر قانونی کاروبار ، 26غیر ملکی گرفتار

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی، 24 اکتوبر (یو این آئی) وزارتِ خزانہ کے ریونیو شعبے کے تحت کام کرنے والی ایجنسی ریونیو انٹیلی جنس ڈائریکٹوریٹ (ڈی آرآئی) نے دہلی اور قومی راجدھانی خطہ (این سی آر) میں منشیات کے ایک بڑے نیٹ ورک کا پردہ فاش کرتے ہوئے تقریباً 109 کروڑ روپے کی غیر قانونی اشیاء ضبط کی ہیں۔ اس سلسلے میں 26 غیر ملکی شہری گرفتار کیے گئے ہیں۔ جمعہ کو جاری ایک بیان میں کہا گیا ہے کہ اس نیٹ ورک کے خلاف کارروائی جاری ہے ۔ اب تک کی کارروائی میں16.27 کلوگرام میتھامفیٹامائن، 7.9 کلوگرام کوکین، 1.8 کلوگرام ہیروئن، 2.13 کلوگرام گانجا اور 115.42 کلوگرام پری کرسر کیمیکلز ضبط کیا گیا ہے ۔ بین الاقوامی مارکیٹ میں ان کی قیمت تقریباً 108.81 کروڑ روپے ہے ۔ ڈی آر آئی نے اس نیٹ ورک کے خلاف اس ہفتے منگل اور چہارشنبہ کو مشترکہ کارروائی کی۔ کارروائی کے دوران، گریٹر نوئیڈا میں ایک ویران کھیت کے پاس واقع بلند عمارتوں کے قریب ایک میتھامفیٹامائن بنانے کی خفیہ فیکٹری پر چھاپہ مارا گیا، جہاں 11.40 کلوگرام میتھامفیٹامائن اور اسے بنانے کیلئے 110.923 کلوگرام کیمیکلز برآمد ہوئے ۔ اس نیٹ ورک کے مرکزی آپریٹر کو گروگرام میں اس کے رہائشی مقام سے گرفتار کیا گیا اور اس کے قبضے سے 1.33کلوگرام میتھامفیٹامائن برآمد کی گئی۔