وزیراعظم اور وزیرداخلہ ترقیاتی کاموں پر کجریوال کو تہنیت پیش کریں : سامنا
ممبئی 7 فروری (سیاست ڈاٹ کام) شیوسینا نے دہلی میں ہونے والے اسمبلی انتخابات سے ایک دن قبل اس ریاست کے چیف منسٹر اروند کجریوال کی گزشتہ پانچ سال کے دوران کئے گئے ان کی حکومت کے مثالی کام کی بھرپور ستائش کی۔ اُنھوں نے کہاکہ مرکز کو چاہئے کہ دیگر ریاستوں کی ترقی کے لئے ’دہلی نمونہ‘ کی تقلید کریں۔ شیوسینا نے کہاکہ وزیراعظم نریندر مودی اور وزیرداخلہ امیت شاہ کو چاہئے تھا کہ دہلی میں کئے گئے وعدوں کی تکمیل پر چیف منسٹر اروند کجریوال کو تہنیت پیش کرے لیکن اس کے بجائے بی جے پی کے سینئر قائدین اور مرکزی وزراء محض انتخابی کامیابی کے لئے ہندو بمقابلہ مسلمان مسئلہ اُٹھارہے ہیں۔ شیوسینا نے اپنے ترجمان مراٹھی روزنامہ ’سامنا‘ میں لکھا کہ ’وزیراعظم مودی اور امیت شاہ دہلی انتخابات میں کوئی حربہ نہیں چھوڑ رہے ہیں۔ وہ (بی جے پی) مہاراشٹرا میں برسر اقتدار نہیں آسکتی۔ جھارکھنڈ میں بھی ہار گئے۔ چنانچہ بی جے پی اب دہلی میں جیت چاہتی ہے اور اس میں کوئی غلطی نہیں ہے‘۔ سامنا نے مزید کہاکہ ’دہلی انتخابات جیتنے کے مقصد سے ملک بھر کے 200 ارکان پارلیمنٹ، تمام بی جے پی زیراقتدار ریاستوں کے چیف منسٹرس اور ساری مرکزی کابینہ انتخابی میدان میں کود پڑی ہے جس کے باوجود کجریوال واضح طور پر ان سب سے طاقتور اُبھرے ہیں‘۔
