دہلی میں نرسیس پرہندی کے استعمال پر پابندی‘ کے ٹی آر کی مذمت

   

حیدرآباد۔ وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے ٹی راما راؤ نے دہلی حکومت کی جانب سے کیرالا کی نرسیس پر ملیالم کے بجائے صرف ہندی میں بات کرنے کی پابندی پر شدید ردعمل کا اظہار کیا۔ دہلی حکومت نے سرکولر جاری کرتے ہوئے نرسنگ اسٹاف کو ہدایت دی ہے کہ وہ ہاسپٹل میں ڈیوٹی کے موقع پر انگلش یا پھر ہندی میں بات چیت کریں۔ اس سرکولر کے خلاف ملک بھر میں مختلف گوشوں کی جانب سے احتجاج کے بعد حکومت نے سرکولر واپس لے لیا۔ اسی دوران کے ٹی راما راؤ نے سرکولر پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں 22 سرکاری زبانیں ہیں جن میں تلگو، ملیالم، ٹمل اور ہندی کے ساتھ دیگر زبانیں شامل ہیں۔ ہر ہندوستانی کو اپنی پسند کی زبان میں بات کرنے کا حق حاصل ہے۔ اس طرح کی پابندیوں سے عوام کے حقوق کی خلاف ورزی ہوگی۔ سابق مرکزی وزیر اور کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور نے بھی سرکیولر پر برہمی کا اظہار کیا۔