نئی دہلی، 7 جولائی (ایجنسیز)دہلی میںاگرچہ کہ 10 سال قدیم ڈیزل اور15 سال قدیم پیٹرول گاڑیوں کو لازمی طور پر سڑکوں سے ہٹانے کا قانون سختی سے نافذ کیا جا رہا ہے لیکن صدیوں قدیم گاڑیاں اب بھی اس قانون سے مکمل طور پر مستثنیٰ ہیں اور وہ ہیں ونٹیج کاریں، جن میں سے کئی گاڑیاں 50، 80، یا حتیٰ کہ 100 سال پرانی ہیں۔ یہ تاریخی گاڑیاں جو اکثر شہر کی پرانی عمارتوں سے بھی زیادہ عمر رکھتی ہیں، نہ صرف ڈی ریجسٹریشن سے مستثنیٰ ہیں بلکہ مخصوص شرائط کے تحت قانونی طور پر سڑکوں پر چلائی بھی جا سکتی ہیں۔ہندوستانی قوانین کے مطابق دہلی این سی آر جیسے فضائی آلودگی سے متاثرہ علاقوں میں 10 سال سے پرانی ڈیزل اور 15 سال سے پرانی پیٹرول گاڑیوں کو بند یا علاقے سے باہر منتقل کرنا لازم ہے۔ ایسی گاڑیوں کا استعمال ممنوع ہے اور انہیں یا تو اسکریپ کیا جاتا ہے یا دوسرے علاقوں میں منتقل کیا جاتا ہے۔ تاہم، ونٹیج کاروں پر یہ قانون نافذ نہیں ہوتا۔اس قانون کے بعد عوام میں ایک نئی بحث شروع ہوچکی ہے ۔