دہلی میں وکلاء کی ہڑتال پانچویں دن بھی جاری

,

   

نئی دہلی 8 نومبر ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی کی تمام چھ ضلع عدالتوں میں وکلاء کی جانب سے آج مسلسل پانچویں دن بھی احتجاج جاری رہا اور بار اسوسی ایشنوں کے شخصی اسٹاف نے عدالت کے احاطہ میں داخل ہونے والے افراد کی تلاشیاں بھی لیں۔ ضلع عدالتوں کی بار اسوسی ایشنوں نے کہا کہ تمام عدالتوں میں صورتحال پرامن ہے ۔ حالانکہ وکلاء کی جانب سے یہاں کام کاج نہیں کیا جا رہا ہے ۔ کہا گیا ہے کہ جو درخواست گذار عدالتوں کو آ رہے ہیں انہیں پوری طرح عدالتوں میں جانے کی اجازت دی جا رہی ہے اور جونئیر وکلاء کی جانب سے ان کی مدد کی جا رہی ہے ۔ تیس ہزاری کورٹ کی بار اسوسی ایشن کے سکریٹری جئے ویر سنگھ چوہان نے کہا کہ عدالتوں میں معمول کے حالات بحال ہوگئے ہیں ۔ حالانکہ وکلاء کی جانب سے احتجاج کیا جا رہا ہے لیکن ہم نے دو وکلاء اور دو پرسنل اسٹاف ارکان کو متعین کیا ہے تاکہ وہ احاطہ عدالت میں سکیوریٹی پر نظر رکھ سکیں۔ وکلاء مسلسل پانچ دن سے کام کاج کا بائیکاٹ جاری رکھے ہوئے ہیں اور کل سے انہوں نے درخواست گذاروں کو عدالت میں جانے کی اجازت دی ہے اور جونئیر وکلاء کے ذریعہ سماعتوں کی آئندہ تواریخ حاصل کی جا رہی ہیں۔