چیف منسٹر، ریاستی وزراء اور اہم قائدین بھومی پوجا کیلئے دہلی پہنچ گئے
حیدرآباد۔ یکم ستمبر (سیاست نیوز) چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور ریاستی وزراء و پارٹی قائدین آج نئی دہلی کیلئے روانہ ہوئے۔ چیف منسٹر کے سی آر خصوصی طیارہ کے ذریعہ بیگم پیٹ ایرپورٹ سے نئی دہلی روانہ ہوئے جبکہ وزراء ، ارکان پارلیمنٹ ، ارکان مقننہ اور سینئر قائدین ریگولر فلائیٹس کے ذریعہ نئی دہلی پہنچے۔چیف منسٹر کی شریک حیات شوبھا اور دیگر افراد خاندان بھی نئی دہلی پہنچ گئے۔ چیف منسٹر کا تین روزہ دورہ دہلی ہے، وہ کل 2 ستمبر کو دوپہر 12.30 بجے دہلی میں ٹی آر ایس کے نئے دفتر کا سنگ بنیاد رکھیں گے۔ بھومی پوجا کی اس تقریب میں سینئر قائدین شرکت کریں گے ۔ نئی دہلی پہنچنے کے بعد چیف منسٹر نے بھومی پوجا تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ ریاستی وزیر کے ٹی راما راؤ جو وزراء اور قائدین کی ٹیم کے ساتھ نئی دہلی پہنچے ، انہوں نے پارٹی آفس کی اراضی کا معائنہ کیا اور ریاستی وزراء پرشانت ریڈی اور سرینواس گوڑ کے ہمراہ بھومی پوجا تقریب کے انتظامات کا جائزہ لیا۔ چیف منسٹر 3 ستمبر کی سہ پہر دہلی سے حیدرآباد واپس ہوں گے ۔ واضح رہے کہ دہلی کے وسنت وہار میٹرو اسٹیشن کے قریب مرکزی حکومت نے ٹی آر ایس پارٹی آفس کے لئے 1300 مربع گز اراضی الاٹ کی ہے۔ چیف منسٹر نے نئی دہلی کی تقریب میں شرکت کیلئے وزراء ، ارکان اسمبلی اور سینئر قائدین کی نشاندہی کی ہے جبکہ دیگر قائدین کو ریاست میں کل 2 ستمبر کو ٹی آر ایس جھنڈا تہوار میں شرکت کی ہدایت دی گئی ہے۔ ہر اسمبلی حلقہ اور ہر منڈل میں کل پارٹی پرچم لہرایا جائے گا ۔ پارٹی ہیڈ کوارٹر تلنگانہ بھون میں صبح 9.00 بجے سینئر قائد پی کرشنا مورتی پارٹی پرچم لہرائیں گے۔ کے ٹی آر کے ہمراہ نئی دہلی پہنچنے والے وزراء میں سرینواس گوڑ ، ملا ریڈی ، پرشانت ریڈی ، محمود علی شامل ہیں۔ تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے دہلی میں آفس کی بھومی پوجا کے موقع پر ریاست کے تمام منڈلوں میں جھنڈا تہوار منعقد کرنے کا فیصلہ کیا گیا جس کے تحت پارٹی کارکنوں کو متحرک کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ توقع ہے کہ چیف منسٹر دہلی میں قیام کے دوران بعض مرکزی وزراء اور ہمخیال اپوزیشن قائدین سے ملاقات کریں گے۔ امید کی جارہی ہے کہ پارٹی دفتر کی بھومی پوجا تقریب میں بعض دیگر علاقائی جماعتوں کے قائدین بھی شرکت کریں گے۔R