حیدرآباد۔ چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ چہارشنبہ کو نئی دہلی کا دورہ کریں گے ۔ان کے دورہ کا مقصد جنوبی دہلی کے علاقہ وسنت وہارمیں تلنگانہ راشٹرا سمیتی کے دفترکا سنگ بنیاد رکھنا ہے ۔ ٹی آرایس آفس کے دفتر کیلئے مرکزی حکومت نے 1100 مربع گز زمین الاٹ کی ہے ۔تلنگانہ راشٹرا سمیتی جنوبی ہند سے تعلق رکھنے والی پہلی سیاسی پارٹی ہوگی جس کا ملک کے صدر مقام نئی دہلی میں دفترہوگا۔ یاد رہے کہ گذشتہ عام انتخابات سے پہلے ٹی آر ایس صدر کے چندر شیکھر راؤ نے علاقائی پارٹیوں کے ایک اتحاد فیڈرل فرنٹ کے قیام کیلئے کوشش کی تھی۔ نئی دہلی میں ٹی آر ایس آفس کے سنگ بنیاد کو آئندہ دنوں میں اس طرح کے اتحاد کے قیام کی دوبارہ کوشش سے تعبیر کیا جا رہا ہے ۔سمجھا جا رہا ہے بہار اسمبلی انتخابات کے بعد کا مرحلہ علاقائی پارٹیوں کے اتحاد سے متعلق اقدامات کیلئے موزوں ہے ۔ اگر بہار الیکشن میں این ڈی اے کامیاب نہیں ہوتی تو ایسے میں بی جے پی اتحاد کا حصہ نہ ہونے والی جماعتیں متحد ہو سکتی ہیں۔