دہلی میں ٹی آر ایس پارٹی آفس کے لیے مرکز سے اراضی الاٹ

   

چیف منسٹر کے سی آر نے پارٹی آفس کی تعمیر کے لیے بہت جلد سنگ بنیاد رکھنے کا اعلان کیا

حیدرآباد :۔ مرکزی حکومت نے ٹی آر ایس پارٹی آفس کی تعمیر کے لیے دہلی کے وسنت وہار میں 110 مربع میٹر اراضی الاٹ کی ہے ۔ اس سلسلہ میں مرکزی وزارت ہاوزنگ شہری امور کے ڈپٹی لینڈ ڈیولپمنٹ آفیسر دین دیال نے ٹی آر ایس کے سربراہ و چیف منسٹر کے سی آر کو ایک مکتوب روانہ کرتے ہوئے یہ بات بتائی ۔ اس پر چیف منسٹر کے سی آر نے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے دہلی میں پارٹی آفس کی تعمیر کے لیے اراضی مختص کرنے کا عمل مکمل ہوگیا ہے ۔ بہت جلد پارٹی آفس کی تعمیر کے لیے سنگ بنیاد رکھا جائے گا جس کے بعد جلد از جلد اس کی تعمیرات بھی مکمل کی جائے گی ۔ ٹی آر ایس کے ذرائع سے پتہ چلا ہے کہ طویل عرصہ سے دہلی میں پارٹی آفس کی تعمیر کے لیے مرکزی حکومت سے مشاورت جاری تھی اور بالآخر مرکزی حکومت نے اراضی مختص کی ہے ۔ حیدرآباد میں پارٹی ہیڈکوارٹر ٹی آر ایس بھون کے طرز اور نمونہ پر دہلی میں پارٹی آفس کی عمارت تعمیر کی جائے گی جس میں تمام سہولتوں کو مد نظر رکھتے ہوئے تعمیرات کی جائے گی ۔ اس کے لیے چیف منسٹر کے سی آر بہت جلد مستقبل کے لائحہ عمل کا اعلان کریں گے ۔۔