دہلی میں پولیس کو تحفظ ، وکلاء کو انصاف چاہئیے

   

شہریوں کو سانس لینے کے لئے آکسیجن چاہئیے ۔ سوشیل میڈیا پر مزاحیہ تحریریں

حیدرآباد۔7نومبر(سیاست نیوز) ہندستان کا دارالحکومت دہلی دنیا کا شائد پہلا ایسا شہر بن چکا ہے جہاں ’ پولیس کو تحفظ چاہئے‘ ’وکلاء کو انصاف چاہئے ‘ اور شہریو ںکو سانس لینے کیلئے آکسیجن چاہئے۔جی ہاں سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والا یہ کڑوا سچ اس حد تک مقبول ہوچکا ہے کہ اسے رشی کپور نے بھی ٹوئیٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ صورتحال دہلی کی ہوچکی ہے۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارمس فیس بک ‘ ٹوئیٹر ‘ انسٹاگرام کے علاوہ دیگر پلیٹ فارمس پر مزاحیہ انداز میں یہ تحریر گشت کر رہی ہے لیکن حقیقت سے قریب دہلی کی اس تصویر پر کئی اہم اور سرکردہ شخصیتوں کی جانب سے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے یہ استفسار کیا جا رہا ہے کہ ملک کس راہ پر جا رہا ہے!ملک کے حالات سے پریشان شہری اور متفکر شہریو ںکی بڑی تعداد دہلی کے حالات پر افسوس کا اظہار کر رہے ہیں لیکن ساتھ ہی پولیس اور وکلاء کے درمیان جاری تصادم کو روکنے کی کوشش پر بھی توجہ دینے کی بات کی جا رہی ہے اور کہا جا رہاہے کہ دہلی میں ماحولیاتی اور فضائی آلودگی کو کم کرنے کیلئے کئے جانے والے اقدامات پر بھی تبصرے کئے جا رہے ہیں۔ فلم ادارکا رشی کپور ہی نہیں بلکہ ملک کے سرکرہ سماجی کارکنوں ‘ سیاستدانوں اور کامیڈی آرٹسٹ نے بھی سوشل میڈیا پر وکلاء کو انصاف ‘ پولیس کو تحفظ اور عام آدمی کو آکسیجن کی پوسٹ کو خوب شیئر کیا ہے جس کے سبب یہ پوسٹ وائرل ہوچکے ہیں۔