نئی دہلی: دہلی میں حکومت کی پابندی کے باوجود لوگوں نے زبردست پٹاخے پھوڑے جس کی وجہ سے شہر کی آب و ہوا میں زہر گھول گیا۔ دہلی کے وزیر ماحولیات گوپال رائے نے گزشتہ ہفتے کہا تھا کہ دیوالی کے موقع پر قومی دارالحکومت میں پٹاخے پھوڑنے پر چھ ماہ تک کی قید اور 200 روپے جرمانہ ہو سکتا ہے۔ لیکن اس کے باوجود قانونی پابندیوں کی دھجیاں اڑائی گئی۔ جنوبی اور شمال مغربی دہلی سمیت شہر کے کئی حصوں میں شام ہوتے ہی لوگوں نے پٹاخے پھوڑنا شروع کر دیے۔اس کے علاوہ، کل رات دہلی فائر سروس کو آگ کے بارے میں 201 کال موصول ہوئیں۔ سال 2021 میں 160 کالیں موصول ہوئیں۔ پٹاخوں پر پابندی کے باوجود پٹاخے زور و شور سے پھوٹ رہے تھے جس کے باعث آتشزدگی کے واقعات میں اضافہ ہوا ہے۔