دہلی میں چار منزلہ عمارت گرگئی، 2 ہلاک

,

   

نئی دہلی12جولائی (یو این آئی) شمال مشرقی دہلی کے ویلکم علاقے میں ہفتہ کے روز چار منزلہ عمارت گرنے سے دو لوگوں کی موت ہو گئی اور آٹھ دیگر زخمی ہو گئے ۔شمال مشرقی ضلع کے سینئر پولیس افسر نے آج یہاں بتایا کہ ویلکم تھانے کی پولس کو چار منزلہ عمارت منہدم ہونے کی اطلاع ملی۔ جس کے بعد پولس کے اعلیٰ افسران سمیت فائر بریگیڈ کے عملہ اور دیگر اداروں کے اہلکار موقع پر پہنچ گئے ۔ آٹھ زخمیوں کو ملبہ سے نکال کر اسپتال میں داخل کرایا گیا۔ ان میں سے سات لوگوں کو جے پی سی اسپتال میں داخل کرایا گیا جبکہ ایک کو جی ٹی بی اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے ۔انہوں نے بتایا کہ اس حادثہ میں مرنے والوں کی شناخت مطلوب (50) اور ان کی بیوی رابعہ (46) کے طور پر ہوئی ہے ۔آخری اطلاعات ملنے تک راحت رسانی کا کام جاری تھا۔ متعدد افراد ملبہ تلے دبے ہونے کا خدشہ ہے ۔ نیشنل ڈیزاسٹر رسپانس فورس (این ڈی آر ایف) کی ٹیم بھی جائے حادثہ پر موجود ہے لیکن گلی تنگ ہونے کے سبب ہاتھ سے ملبہ ہٹانے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں ہے ۔


دہلی حکومت سے بلڈنگ حادثے میں مرنے والوں کیلئے امداد کا مطالبہ
نئی دہلی، 12 جولائی (یو این آئی) دہلی پردیش کانگریس کے صدر دیویندر یادو نے سیلم پور کی جنتا مزدور کالونی میں چار منزلہ مکان گرنے سے چار لوگوں کی موت اور آزاد مارکیٹ میں میٹرو ٹنل کی وجہ سے ایک خستہ حال عمارت کے گرنے سے ایک شخص کی موت پر غم کا اظہار کیا ہے اور ریاستی حکومت سے مرنے والوں کے اہل خانہ کو 10 لاکھ روپے اور زخمیوں کو دو دو لاکھ روپے دینے کا مطالبہ کیا ہے ۔