دہلی میں چندرا بابو نائیڈو کا دھرنا محض دکھاوا

   

وائی ایس آر کانگریس کا الزام، عوام کو جمع کرنے سرکاری رقومات کا استعمال
حیدرآباد ۔ 8۔ فروری (سیاست نیوز) وائی ایس آر کانگریس پارٹی نے الزام عائد کیا کہ آندھراپردیش کو خصوصی موقف کے بارے میں چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کو کوئی دلچسپی نہیں ہے اور نئی دہلی میں چندرا بابو نائیڈو کا دھرنا محض دکھاوا اور سیاسی فائدہ کے حصول کی کارروائی ہے۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے پارٹی کے سینئر قائدین اوما ریڈی وینکٹیشورلو اور وائی وی سبا ریڈی نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو عوامی رقومات خرچ کرتے ہوئے نئی دہلی میں دھرنا کی تیاری کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری مشنری کا بیجا استعمال کرتے ہوئے عوام کو نئی دہلی منتقل کرنے کی کوششیں افسوسناک ہیں۔ قائدین نے بتایا کہ حکومت نے عہدیداروں کو عوام کی منتقلی کیلئے نشانے مقرر کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چار سال 9 ماہ تک چندرا بابو نائیڈو این ڈی اے اتحاد میں شامل رہے لیکن انہوں نے آندھراپردیش کے خصوصی موقف کیلئے مرکز پر کوئی دباؤ نہیں ڈالا۔ وہ اپنے مفادات کی تکمیل کیلئے این ڈی اے میں برقرار رہیں۔ این ڈی اے سے علحدگی کے بعد انہوں نے اپنا موقف تبدیل کرتے ہوئے اچانک خصوصی موقف کا مسئلہ چھیڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ نئی دہلی میں دھرنا کے لئے عوامی رقومات کا خرچ کرنا قابل اعتراض ہے۔ یہ کوئی سرکاری تقریب نہیں بلکہ پارٹی کا پروگرام ہے۔ وائی ایس آر کانگریس قائدین نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو خصوصی مسئلہ کے موقف پر بار بار بیانات بدلتے رہے ہیں۔ برخلاف اس کے وائی ایس جگن موہن ریڈی ابتداء سے خصوصی موقف کا مطالبہ کر رہے ہیں ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نائیڈو کی تشہیر کے لئے سرکاری خزانہ سے بھاری رقومات خرچ کی جارہی ہے۔ انہوں نے تلگو دیشم حکومت پر کاپو طبقہ کو دھوکہ دینے کا الزام عائد کیا اور کہا کہ تحفظات کے نام پر ان سے جھوٹے وعدے کئے جارہے ہیں۔ تحفظات کی فراہمی ریاست کے تحت نہیں بلکہ مرکز کی ذمہ داری ہے ۔