ملک میں مساجد کی شہادت، یکساں سیول کوڈ کے مجوزہ نفاذ کے خلاف برہمی
حیدرآباد۔15۔ستمبر۔(سیاست نیوز) دہلی میں 17 ستمبر کو آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ کے احتجاجی مظاہرہ کے دوران ملک میں مسلمانوں کے ساتھ جاری ناانصافیوں کے علاوہ ان کی جائیدادوں کو نشانہ بنانے اور مساجد کی شہادت اور اوقافی جائیدادوں کی تباہی اور دیگر موضوعات زیر بحث لائے جائیں گے۔ سہارنپور مسجد کی شہادت ‘ اترپردیش و اترکھنڈ میں درگاہوں کی شہادت‘ جامعہ نظامیہ کی موقوفہ اراضی کی سرکاری سطح پر فروخت ‘ یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کے اقدامات اور دیگر امور پر احتجاج درج کروانے کے لئے آل انڈیا مسلم پرسنل لاء بورڈ نے ’جنتر منتر‘ پر احتجاجی مظاہرہ کا اعلان کیا اور تمام سیاسی جماعتوں کے علاوہ ملی تنظیموں اور جماعتوں کے قائدین کے علاوہ عوام کو بھی ملک بھرسے مدعو کیا ہے ۔ صدر مسلم پرسنل لاء بورڈ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی کی نگرانی میں احتجاجی مظاہرہ کا 2بجے دن آغاز ہوگا جس سے مختلف سیاسی جماعتو ںکے علاوہ ملی و مذہبی تنظیموں کے قائدین اور سرکردہ مسلم شخصیات مخاطب کریں گے۔ احتجاج کے دوران متعدد موضوعات بالخصوص سہارنپور کلکٹریٹ مسجد کی شہادت ‘ یکساں سیول کوڈ کے نفاذ کے علاوہ اوقافی جائیدادوں کی تباہی کی تفصیلات پیش کرنے کے علاوہ ان مسائل پر حکومت کو متوجہ کروانے کی منصوبہ بندی کی گئی ہے۔ احتجاج کو کامیابی بنانے مسلم پرسنل لاء بورڈ کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں اور کہا جارہا ہے کہ وقف ایکٹ کی ترمیم کے خلاف جس طرح سے احتجاج کیا گیاتھا اس سے زیادہ شدت کے ساتھ اب احتجاج شروع کرتے ہوئے ملک بھر میں مظاہرے کر کے عوام میں شعور اجاگر کیا جائے گا اور حکومتوں کو مسلمانوں کے مسائل اور ان کی جدوجہد سے واقف کروایا جائے گا۔3