دہلی میں کورونا وائرس سے نمٹنے مزید سخت اقدامات

,

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی: قومی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے قہر سے نمٹنے کے لیے کجریوال حکومت سخت اقدامات کرنے کی تیاری کر رہی ہے جس میں کچھ علاقوں میں دوبارہ لاک ڈاؤن اور شادی بیاہ کی تقریبات میں شرکاء کی تعداد 50 تک محدود رکھنے پر غور کیا جارہا ہے ۔ وزیر اعلی اروند کجریوال نے منگل کے روز اس کا اشارہ کیا۔ کجریوال نے میڈیا کو بتایا کہ ریاستی حکومت نے مرکزی حکومت کو ایک تجویز بھیجی ہے جس میں محدود سطح پر پھر سے لاک ڈاؤن کرنے کی اجازت طلب کی گئی ہے ۔ اگر اس تجویز پر منظوری مل جاتی ہے تو زیادہ انفیکشن والے علاقوں میں پھر سے تالا بندی کی جاسکتی ہے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ کچھ بازاروں میں دیوالی کے تہوار کے دوران بہت لاپرواہی سامنے آئی۔ بازار آنے والے لوگوں نے نہ تو ماسک پہن رکھے تھے ، نہ ہی سماجی دوری کی پابندی کی تھی۔انھوں نے کہا کہ اگر بازاروں میں ماسک پہننے اور معاشرتی فاصلے کے اصولوں پر عمل نہیں کیا جاتا ہے اور وہ جگہ ایک کورونا وائرس کی ہاٹ اسپاٹ بن سکتی ہے تو ان بازاروں کو پھر سے محدود وقفے کے لیے بند کرنے کی اجازت دی جائے ۔ اس طرح کی تجویز مرکز کو بھیجی جارہی ہے ۔ شادی کی تقریبات میں مہمانوں کی تعداد 200 تک رکھنے کی اجازت تھی لیکن کورونا وائرس کے بڑھتے ہوئے معاملوں کے پیش نظر ان کی تعداد 50 تک محدودکرنے کی تجویز لیفٹیننٹ گورنر کو ارسال کردی گئی ہے ۔ قابل ذکر ہے کہ دہلی کے وزیر صحت ستیندر جین نے کل ہی کہا تھا کہ پھر سے لاک ڈاؤن کرنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔