نئی دہلی۔28 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) دارالحکومت میں کورونا وائرس کے فعال معاملے 2177 ہیں جس میں 11 سنگین مریض وینٹی لیٹر پر ہیں۔وزیر صحت ستیندر جین نے منگل کو بتایا کہ دہلی میں کورونا انفیکشن کے کل 3108 معاملے سامنے آ چکے ہیں جن میں سے 877 مریض صحتمند ہوئے ہیں اور 54 کی موت ہو چکی ہے ۔پیر کو دہلی میں 190معاملے آئے تھے ۔ملک میں کورونا معاملے پر تیسرے نمبر پر دہلی کے لیے راحت کی بات یہ ہے کہ یہاں صحتمند ہونے والوں کا فیصد انفیکشن سے متاثر دیگر اہم ریاستوں کے مقابلے میں بہتر ہے اور مرنے والوں کا فیصد صرف 1.74 ہی ہے ۔دہلی میں مرنے والوں میں 53.70 فیصد یعنی 29 کی عمر 60 سال یا اس سے زیادہ ہے ۔ جین نے بتایا کہ دہلی میں 13 دن میں متاثرہ مریضوں کی تعداد دگنی ہو گئی ہے ۔
دہلی میں مکمل پابندی سے کچھ راحت
نئی دہلی۔28 اپریل ۔(سیاست ڈاٹ کام) عالمی وبا کوروناوائرس کی وجہ سے بری طرح متاثر راجدھانی میں منگل سے مکمل پابندی پر کچھ راحت دی گئی ہے ۔دہلی حکومت نے کورونا کی صورتحال کا جائزہ لینے کے بعد مرکزی وزارت داخلہ کی ہدایات کے مطابق چند خدمات شروع کرنے کی اجازت دی ہے ۔ مکمل پابندی کے دوران جن خدمات کو کام کرنے کی اجازت دی گئی ہے ان میں ویٹرنری ڈاکٹر ، الیکٹریشن ، پلمبروغیرہ شامل ہیں۔دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (ڈی ڈی ایم اے ) کے جاری کردہ آرڈر میں ہیلتھ ورکرز ، لیب ٹیکنیشن اور سائنس دانوں کے بین ریاستی دوروں کی بھی اجازت دی گئی ہے ۔ اس کے علاوہ جانوروں کے اسپتال، ڈسپنسری ، کلینک ، پیتھالوجی ، لیب اور ویکسین دواؤں کی فروخت اور فراہمی کی بھی اجازت دی ہوئی ہے ۔
