نئی دہلی ۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال نے آج کہا کہ قومی دارالحکومت کو کورونا کی چوتھی لہر کا سامنا ہے ۔ انہوں نے تاہم کہا کہ ابھی تک حکومت کی جانب سے لاک ڈاؤن پر غور نہیں کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے مرکزی حکومت سے مطالبہ کیا کہ ریاستوں کو بڑے پیمانے پر ٹیکہ اندازی کی اجازت دی جائے ۔ انہوں نے کہا کہ اگر مستقبل میں کسی لاک ڈاؤن کی ضرورت ہوگی تو مشاورت کے ذریعہ یہ فیصلہ کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ دہلی کو کورونا کی چوتھی لہر کا سامنا ہے تاہم یہ لہر اسبق کی بہ نسبت کم شدت والی ہے اور اس بار دواخانوں میں عوام کم تعداد میں شریک ہو رہے ہیں اور اموات کی شرح بھی کم ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ تشویش کی بات ہے کہ کورونا کے کیس بڑھ رہے ہیں لیکن عوام کو خوفزدہ ہونے کی ضرورت نہیں ہے ۔ حکومت صورتحال پر نظر رکھے ہوئے ہے اور درکار اقدامات کئے جائیں گے ۔