نئی دہلی: کورونا وائرس کی دوسری لہر کا سامنا کر رہی قومی راجدھانی دہلی میں بلیک فنگس کے کئی معاملے درج کیے گئے ہیں۔ اس بیماری کی وجہ سے ایک مریض کی جان بھی چلی گئی ہے۔ دہلی کے مشہور مولچند ہاسپٹل میں 16 مئی کو اس مریض کو داخل کیا گیا تھا۔ مولچند ہاسپٹل کے ڈاکٹر بھگوان منتری نے اس حوالہ سے اطلاع فراہم کی ہے۔ڈاکٹر بھگوان کے مطابق میرٹھ کا رہائشی 37 سالہ شخص کورونا سے متاثر تھا، اس میں بلیک فنگس کی علامات بھی ظاہر ہوئیں۔ کورونا سے متاثر ہونے کے بعد اس کا علاج گھر پر ہی چل رہا تھا، اسے ہائی بلڈ پریشر کی بھی شکایت تھی۔ ہاسپٹل میں لمبے علاج کے بعد مریض نے دم توڑ دیا۔مولچند ہاسپٹل کے علاوہ دہلی کے کئی ہاسپٹلس میں اب تک بلیک فنگس کے کئی معاملے رپورٹ ہوچکے ہیں۔ ان میں سر گنگا رام ہاسپٹل میں سب سے زیادہ 40، میکس ہاسپٹل مین 25، ایمس میں 15-20 کیسز درج کیے گئے ہیں۔مولچند ہاسپٹل میں جان گنوانے والے مریض کے بارے میں ڈاکٹر نے بتایا کہ جب 16 مئی کو مریض کو مولچند لایا گیا تو اس کی آنکھوں میں سوزش تھی اور چہرہ بھی سوجا ہوا تھا۔ مریض کی آنکھیں سرخ تھیں اور اسے ناک سے خون بہنے کی بھی شکایت تھی۔ جب تمام ٹسٹ کیے گئے تو بلیک فنگس ہونے کی تصدیق ہوئی اور اس کے بعد سرجری کا منصوبہ بنایا گیا۔ مولچند کے ڈاکٹر نے بتایا کہ سرجری اور دیگر کوششوں کے بعد مریض کو دورہ قلب پڑا اور اسے بچایا نہیں جا سکا۔بلیک فنگس کے بارے میں ڈاکٹر بھگوان نے کہا کہ بلیک فنگس میں مبتلا مریضوں کی شرح اموات سب سے زیادہ ہے۔