!دہلی میں کورونا کے کمیونٹی ٹرانسمیشن کا خطرہ

   

ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کا ماہرین کے ساتھ آج اجلاس: منیش سیسوڈیہ

نئی دہلی 8 جون (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیہ نے آج بتایا کہ منگل 9 جون کو دہلی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھاریٹی کا اجلاس منعقد ہوگا جس میں قومی دارالحکومت میں کورونا وائرس کے کمیونٹی ٹرانسمیشن کے خطرہ کا جائزہ لیا جائے گا۔ میڈیا سے آن لائن خطاب کرتے ہوئے منیش سیسوڈیہ نے کہاکہ اگر دہلی میں کورونا وائرس کا کمیونٹی ٹرانسمیشن ہوتا ہے تو دہلی کی عام آدمی پارٹی حکومت صورتحال سے نمٹنے کے لئے اپنی حکمت عملی کو تبدیل کرے گی۔ چیف منسٹر اروند کجریوال نے ڈپٹی چیف منسٹر منیش سیسوڈیہ کو اِس کی تمام ذمہ داری تفویض کی ہے۔ منیش سیسوڈیہ کجریوال کی جانب سے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ اجلاس میں ماہرین بھی شرکت کریں گے۔ ملک میں کورونا کے کیسیس میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے اور مہاراشٹرا کے بعد دہلی بھی شدید طور پر متاثر ہے۔ قومی دارالحکومت میں اتوار تک کورونا کے مریضوں کی تعداد تقریباً 28 ہزار 900 تھی۔ ایک ہی دن میں 1282 نئے کیسیس ریکارڈ کئے گئے۔ دہلی میں اب تک کورونا وائرس سے 812 افراد فوت ہوچکے ہیں۔ ذرائع کے مطابق 10 ہزار 999 افراد صحتیاب ہونے کی بھی اطلاع ہے۔