ایک ہی آئی ڈی سے بھیجے گئے ای میل‘پولیس کی سخت چوکسی
نئی دہلی: دہلی کے دو مختلف ہاسپٹلس کو ای میل بھیج کر بم سے اڑانے کی دھمکی دی گئی۔ اس کے بعد اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو بھی اسی طرح کا دھمکی آمیز ای میل موصول ہوا۔ دہلی فائر سروس کے مطابق انہیں دو ہاسپٹلس سے کال موصول ہوئی ہے، پہلی براڑی سرکاری ہاسپٹل سے اور دوسری منگل پوری کے سنجے گاندھی ہاسپٹل سے کا ل وصول ہوا۔ دہلی کے فائر آفیسر کے مطابق معاملے کی تحقیقات ابھی جاری ہے۔بتایا جا رہا ہے کہ ای میل ملنے کے بعد ہاسپٹل انتظامیہ نے پولیس کو اطلاع دی جس کے بعد بم اسکواڈ اور فائر ڈپارٹمنٹ کے ساتھ پولیس ٹیمیں ہاسپٹل پہنچ گئیں۔ جن ہاسپٹلس کو بم کی دھمکی کا ای میل بھیجا گیا ہے ان میں براڑی کا سرکاری ہاسپٹل اور منگل پوری کا سنجے گاندھی ہاسپٹل شامل ہیں۔دہلی پولیس کا کہنا ہے کہ ہاسپٹل میں بم کی دھمکی کے حوالے سے ایک ای میل موصول ہوا تھا۔ مقامی پولیس ہاسپٹل میں تفتیش کر رہی ہے۔ ابھی تک کوئی مشکوک چیز نہیں ملی ہے۔دہلی کے ہاسپٹل کے بعد اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ پر بھی دھمکی آمیز ای میل موصول ہو گیا۔ ایئرپورٹ پر تلاشی لی جا رہی ہے۔ ہاسپٹل اور اندرا گاندھی انٹرنیشنل ایئرپورٹ کو ایک ہی آئی ڈی سے ای میل بھیجا گیا ہے۔ یہ ای میل 3 بجے کے قریب بھیجی گئی تھی۔ تاہم پولیس کی تفتیش میں ابھی تک ایئرپورٹ پر کچھ نہیں ملا۔اس سے پہلے بدھ یکم مئی کو دہلی-این سی آر کے تقریباً 150 اسکولوں کو بم کی افواہ پر مشتمل ایک ای میل بھیجا گیا تھا۔ اس کے لیے مجرموں نے روسی ای میل سروس کا استعمال کیا تھا۔ یہ سروس صارفین کو گمنام رہنے اور غیر قانونی سرگرمیوں کو چھپانے میں مدد کرتی ہے۔ای میل موصول ہونے کے بعد پولیس نے سخت چوکسی اختیار کرلی ہے۔ احمدآباد اور لکھنؤ ایرپورٹس کو بھی ایسے ہی ای میلس وصول ہونے کی اطلاعات ہیں۔ دہلی میں ای میل موصول ہونے کے بعد پولیس نے تمام اسکولوں میں جا کر سرچ آپریشن کیا تھا۔ پولیس ڈاگ اور بم اسکواڈ کے ساتھ اسکولوں میں پہنچ گئی تھی۔ بعد میں انکشاف ہوا کہ دھمکی آمیز ای میل فرضی تھا۔خیال رہے کہ اس طرح کی دھمکی آمیز ای میل اکثر دہلی کے اسکولوں کو بھیجا جاتا رہا ہے۔ فروری کے مہینے میں، اسی طرح کا ای میل دہلی کے آر کے پورم میں واقع ڈی پی ایس اسکول کے پرنسپل کو بھیجا گیا تھا۔