دہلی میں ہوا کے معیار میں بہتری

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی، 16 دسمبر (یو این آئی) قومی راجدھانی دلی میں منگل کے روز ہوا کے معیار کے اشاریہ (اے کیو آئی) میں بہتری آنے سے گزشتہ تین دنوں کی خطرناک ‘شدید’ فضائی آلودگی سے کچھ راحت ملی ہے ۔آج صبح چھ بجے دہلی کا اے کیو آئی ‘بہت خراب’ زمرے میں 381 ریکارڈ کیا گیا، جو پیر کے 427 اور اتوار کے 461 کے مقابلے میں بہتر تھا۔ اتوار کے روز شہر میں اس موسم سرما کی اب تک آلودگی کی سب سے زیادہ سطح ریکارڈ کی گئی تھی۔ماہرین نے اس بہتری کا سبب مسلسل چلنے والی سطحی ہواؤں کو بتایا ہے ، جس کی وجہ سے زمین کے قریب پھنسی ہوئی آلودہ گیسیں منتشر ہوگئیں۔ پیر کی دوپہر ہوا کی رفتار 15 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچ گئی تھی اور یہ سلسلہ رات بھر جاری رہا۔ ہندوستان کے محکمۂ موسمیات (آئی ایم ڈی) کے مطابق آج ہوا کے معیار میں مزید بہتری آنے کا امکان ہے۔ دن کے وقت دہلی کے کچھ حصوں میں سطحی ہواؤں کی رفتار 25 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کی پیش گوئی کی گئی ہے ، جس سے خطرناک آلودگی کی سطح سے کچھ راحت ملے گی۔آئی ایم ڈی کے مطابق گزشتہ تین دنوں کے برعکس آج صبح صرف 11 مراکز نے ‘شدید’ حد کو عبور کیا۔ وزیرپور میں شہر کی سب سے خراب فضائی کیفیت ریکارڈ کی گئی۔