دہلی میں ہوا کے معیار کا اشاریہ 400 سے متجاوز

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی۔ 13 ڈسمبر (یو این آئی) قومی دارالحکومت کے کئی علاقوں میں ہفتہ کو ہوا کے معیار کا اشاریہ (اے کیو آئی) 400 سے اوپر پہنچ گیا، جو ’شدید‘ زمرے میں شمار ہوتا ہے ۔ اس اضافے کے اسباب سست ہوائیں، فضاء کی جمودی کیفیت اور خراب موسمی حالات ہیں۔واضح رہے کہ اے کیو آئی میں اضافہ بچوں، بزرگوں اور سانس سے متعلق بیماریوں میں مبتلا افراد کے لیے نہایت خطرناک سمجھا جاتا ہے ۔ آج صبح دہلی کے کئی علاقوں میں گھنا کہرا چھایا رہا اور حدِ بصارت کافی کم رہی، جس کے باعث گاڑی چلانے والوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ ماہرینِ صحت نے لوگوں کو مشورہ دیا ہے کہ وہ غیر ضروری طور پر گھروں سے باہر نکلنے سے گریز کریں، ماسک کا استعمال کریں اور گریپ کے تحت جاری ہدایات پر عمل کریں۔ آئندہ دنوں میں سردی میں اضافے کے ساتھ اگر ہوا کی رفتار کم رہی تو آلودگی کی صورتحال مزید خراب ہو سکتی ہے ۔ دہلی میں منگل کو اے کیو آئی 282، بدھ کو 259، جمعرات کو 307، جمعہ کو 349 اور ہفتہ کو 387 درج کیا گیا تھا۔ ہفتہ کے روز راجدھانی میں اے کیو آئی بڑھ کر شدید حالت میں پہنچ گیا۔ سرکاری اعداد و شمار کے مطابق دہلی کے 18 علاقوں میں اے کیو آئی 400 سے تجاوز کرگیا ہے ، جو شدید زمرے میں آتا ہے ۔