دہلی میں یوم جمہوریہ تقاریب ، وندے ماترم دھن بجانے کا امکان

   

’ سارے جہاں سے اچھا ہندوستاں ہمارا ‘ ترانہ کی قدیم روایت کو ختم کرنے کی سازش
حیدرآباد۔15جنوری(سیاست نیوز) دہلی میں 29 جنوری کو یوم جمہوریہ کی 4 روزہ تقاریب کے اختتام پر اب علامہ اقبال کی نظم ’’ سارے جہاں سے اچھا ہندستاں ہمارا‘‘ کی جگہ ’’وندے ماترم‘‘ کی دھن بجائی جائے گی! ذرائع کے مطابق یوم جمہوریہ تقاریب کا اختتام جو کہ راشٹر پتی بھون کے روبرووجئے چوک پر منعقد ہوتا ہے اس تقریب میں ملک کی تینوں افواج کی جانب سے کئی دھنیں بجائی جاتی ہیں۔ اس تقریب کو بیٹنگ ریٹریٹ کا نام دیا گیا ہے جو کہ برسہا برس کی روایت ہے۔ اس تقریب میں روایتی انداز میں ترنگا اتارے جانے سے قبل آخری دھن گاندھی جی کی پسندیدہ انگریزی نظم ‘Abide with me’ کی دھن بجائی جاتی ہے اور اس کے بعد ترنگا اتار لیا جاتا ہے ۔ ترنگا اتارنے کے بعد صدرجمہوریہ سے اجازت کے حصول کے بعد بیانڈ واپس لیجانے کا عمل شروع ہوتا ہے اور اس دوران تینوں افواج کی جانب سے علامہ اقبال کی نظم ’سارے جہاں سے اچھا ہندستاں ہمارا‘ کی دھن بجائی جاتی ہے اور جب تینوں افواج کے بیانڈ راشٹرپتی بھون میں داخل ہوجاتے ہیں تو فوری راشٹری پتی بھون برقی قمقموں سے جمگمگا اٹھتا ہے۔ ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے مطابق 29 جنوری 2020 کو منعقد ہونے والی اس تقریب میں وندے ماترم کو شامل کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ سارے جہاں سے اچھا یا پھر Abide With Me کی دھن کی جگہ پر وندے ماترم کی دھن تینوں افواج کے بیانڈ پر پیش کی جائے گی۔ بتایاجاتا ہے کہ اس سلسلہ میں حکومت نے قطعی فیصلہ کرلیا ہے لیکن تاحال اس بات کا باضابطہ اعلان نہیں کیا گیا ہے ۔ذرائع کا کہناہے کہ دونوں میں سے کسی بھی دھن کو ہٹاتے ہوئے وندے ماترم کو شامل کئے جانے کے بجائے وندے ماترم کے اضافہ کا بھی مشورہ دیا گیا تھا لیکن اس تجویز کو مسترد کردیا گیا ہے اور کہا جا رہاہے کہ دونوں دھنوں میں سے کسی ایک دھن کو ختم کرتے ہوئے وندے ماترم کو شامل کیا جائے گا۔