نئی دہلی، 4 دسمبر (سیاست ڈاٹ کام) اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ایک بار پھر جیت کا پرچم لہرانے کی کوشش میں مصروف وزیر اعلی اروند کیجریوال نے بجلی، پانی اور بس میں خواتین کو مفت سفر کے بعد بدھ کے روز مفت وائی فائی سروس فراہم کرنے کا اعلان کیا۔مسٹر کیجریوال نے آج بتایا کہ 16 دسمبر سے مفت وائی فائی سہولت کا آغاز ہو جائے گا۔ پہلے مرحلے میں دارالحکومت میں کل 11 ہزار وائی فائی ھاٹ اسپاٹ لگائے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ 16 دسمبر کو 100 ھاٹ اسپاٹ کے ساتھ اس کی شروعات کی جائے گی اور ہر اسمبلی حلقہ میں 100 ھاٹ اسپاٹ قائم کئے جائیں گے ۔ ھاٹ اسپاٹ کرایہ ماڈل پر لگائے جائیں گے اور 11 ہزار ھاٹ اسپاٹ لگانے پر کل 100 کروڑ روپے کی لاگت آئے گی۔مفت وائی فائی اسکیم کا اعلان کرتے ہوئے وزیر اعلی نے کہا کہ اسی کے ساتھ گزشتہ اسمبلی انتخابات کے وقت کیا گیا آخری وعدہ بھی ہم نے پورا کر دیا۔ انہوں نے کہا کہ مفت وائی فائی کے تحت 150 سے 200 لوگ ایک ساتھ ایک جگہ پر اس خدمات کا استعمال کر سکیں گے ۔ کل ھاٹ اسپاٹ میں سے چار ہزار بس اسٹینڈز پر اور باقی سات ہزار بازاروں اور رہائشی ویلفیئر ایسوسی ایشن (آرڈبلیواے ) کے ذریعے لگوائے جائیں گے ۔وزیر اعلی نے کہا کہ اس کی خدمت کے لئے ورک آرڈر کیا جا چکا ہے اور انٹرنیٹ مفت ہو جانے سے طالب علموں سمیت سب کو فائدہ پہنچے گا۔