دہلی میں 280 سے زیادہ پروازیں تاخیر کا شکار

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی۔ 6 جنوری (یو این آئی) قومی دارالحکومت اور ملک کے دیگر حصوں میں منگل کی صبح گھنے کہرے کی وجہ سے دہلی کے اندرا گاندھی بین الاقوامی ہوائی اڈے پر 280 سے زیادہ پروازیں تاخیر کا شکار ہوئیں اور کچھ منسوخ کر دی گئیں۔دہلی ایئرپورٹ پر صبح 4 بجے کے بعد حد بصارت کم ہونا شروع ہوئی اور 150 میٹر تک گر گئی۔ صبح 4 بجے کے بعد سے ہی کیٹ-3 طریقہ کار کے تحت آلات کی مدد سے آپریشن شروع کردیا گیا۔امرتسر، بھوپال، چنڈی گڑھ، گوہاٹی، وارانسی، رانچی، ہنڈن (غازی آباد) اور دھرم شالہ میں کم بصارت کی وجہ سے فلائٹ آپریشن میں بھی تاخیر ہوئی۔دہلی ہوائی اڈے کی ویب سائٹ کے مطابق، دہلی سے روانہ ہونے والی کم از کم 20 پروازیں اور دہلی پہنچنے والی کم از کم 260 پروازیں آج تاخیر کا شکار ہوئیں۔کیٹ-3 طریقہ کار کیلئے رن وے کے ساتھ ساتھ طیارے کا بھی کیٹ-3 آلات سے لیس ہونا ضروری ہے پائلٹ بھی کیٹ-3 میں لینڈنگ اور ٹیک آف کیلئے تربیت یافتہ ہونا چاہیے ۔

دہلی میں اے کیو آئی خراب زمرے میں برقرار
نئی دہلی۔ 6 جنوری (یو این آئی) نئی دہلی میں منگل کے روز گھنے کہرے کی چادر چھائی رہی، جس کے باعث شہر کے کئی حصوں میں اے کیو آئی ’خراب‘ زمرے میں برقرار رہا۔مرکزی آلودگی کنٹرول بورڈ (سی پی سی بی) کے اعداد و شمار کے مطابق دہلی کا مجموعی اے کیو آئی 288 ریکارڈ کیا گیا، جو کہ خراب زمرے میں شمار ہوتا ہے ۔ انتہائی آلودہ علاقوں میں صورتِ حال مزید خراب رہی، جن میں آنند وہار (343)، آر کے پورم (324)، جواہر لال نہرو اسٹیڈیم (313)، دوارکا (307)، اشوک وہار (302) اور آئی ٹی او (286) شامل ہیں۔ جہاں زیادہ تر علاقوں میں ہوا صحت کیلئے نقصان دہ رہی، وہیں کچھ جگہوں پر نسبتاً بہتر پائی گئی۔ سی پی سی بی کے مطابق بوانا میں اے کیو آئی 194 اور آئی جی آئی ہوائی اڈہ علاقے میں 185 ریکارڈ کیا گیا۔ قومی راجدھانی اور شمالی ہندوستان کے کئی حصوں میں صبح کے وقت گھنا کہرا چھایا رہا، جس سے حدِ نگاہ کم ہو گئی اور فضائی و سڑک نقل و حمل متاثر ہوئی۔ کم حدِ نگاہ کے باعث دہلی ہوائی اڈے پر علی الصبح طیاروں کی آمد و رفت کیلئے ’کیٹ تھری‘ طریقۂ کار نافذ کیا گیا۔