دہلی میںUPSC کی تیاری کرنے والی طالبہ کی خودکشی

   

اکولا مہاراشٹرا کی 26 سالہ لڑکی کے خودکشی نوٹ میں طلباء سے متعلق مسائل کا تذکرہ

نئی دہلی: دہلی کے کوچنگ سنٹر کے علاقوں میں یو پی ایس سی کے امیدواروں کے حالات زندگی پر تشویش کے درمیان پرانے راجندر نگر میں سیول سرویسز کی تیاری کرنے والے تین طالب علموں کی موت کے بعد، ڈپریشن میں مبتلا ایک طالبہ کی مبینہ خودکشی کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پولیس نے کل بتایا کہ مہاراشٹرا کے اکولا سے تعلق رکھنے والی ایک 26 سالہ لڑکی 21 جولائی کو پرانے راجندر نگر کے ایک پی جی ہاسٹل میں لٹکی ہوئی پائی گئی۔ یہ معاملہ سوشل میڈیا پر طالب علم کے مبینہ خودکشی نوٹ کے منظر عام پر آنے کے بعد سامنے آیا۔ مبینہ خودکشی نوٹ میں لڑکی نے ڈپریشن کے ساتھ اپنی جدوجہد کا ذکر کیا اور حکومت سے اپیل کی کہ وہ امتحانات میں بے ضابطگیوں کو روکے اور نوجوانوں کیلئے روزگار پیدا کرے۔ اس کے علاوہ انہوں نے طلباء کیلئے ہاسٹلس کے کرائے میں کمی کا بھی مطالبہ کیا۔ تاہم پولیس کے مطابق طالبہ کے اہل خانہ نے کہا ہے کہ وہ ایک شخص کی طرف سے ہراساں کیے جانے کی وجہ سے پریشان تھی۔ ڈپٹی کمشنر آف پولیس (سنٹرل) ہرش وردھن نے کہا کہ معاملے کی تحقیقات جاری ہیں۔ پولیس نے بتایا کہ متاثرہ کے ایک دوست نے میڈیا کو بتایا کہ اس نے حالیہ گفتگو میں ہاسٹل کے بڑھتے ہوئے کرایے کا ذکر کیا ہے۔ دوست کے مطابق طالبہ کو 5 اگست کو اپنا ہاسٹل خالی کرنا تھا۔ پولیس نے بتایا کہ وہ سیول سرویسز کے امتحانات کی تیاری کیلئے گزشتہ چار سال سے دہلی میں مقیم تھی۔