حیدرآباد۔/5 ستمبر، ( سیاست نیوز) یونائٹیڈ مسلم فورم نے دہلی میں سرکاری ملازم لڑکی کی اجتماعی عصمت ریزی اور قتل کے خاطیوں کو کیفر کردار تک پہنچانے اور متاثرہ خاندان کو انصاف کا مطالبہ کیا۔ فورم کے ذمہ داران جناب رحیم الدین انصاری، مولانا سید شاہ علی اکبر نظام الدین حسینی صابری، مولانا سید محمد قبول بادشاہ قادری شطاری، مولانا میر قطب الدین علی چشتی، مولانا محمد جمال الدین مفتاحی، مولانا مفتی صادق محی الدین، مولانا خالد سیف اللہ رحمانی، جناب ضیاء الدین نیر، جناب منیر الدین احمد مختار، سید احمد الحسینی سعید قادری، مولانا سید شاہ ظہیر الدین علی صوفی، مولانا سید مسعود حسین مجتہدی و دیگر نے ملک میں امن و ضبط کی صورتحال پر تشویش کا اظہار کیا اور خواتین پر بڑھتے مظالم کی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ خواتین کی آزادی اور انہیں بااختیار بنانے کا دعویٰ کرنے والی حکومت میں خواتین کے خلاف مظالم باعث تشویش ہیں۔ قائدین نے نربھئے اور دیگر قوانین کے باوجود خواتین پر تشدد میں اضافہ کی مذمت کی۔R