وزیراعظم نریندر مودی پر گلزار کی بالواسطہ تنقید
شہریت ترمیمی قانون اور این آر سی و این آر پی کے مسئلہ پر ملک کے ممتاز دانشور فلم سازوں فلم اداکاروں ادیبوں اور شاعروں کی برہمی کا سلسلہ جاری ہے ۔ افسانوی قلم کار شاعر اور فلمساز گلزار بھی ایسی ہی شخصیتوں میں شامل ہیں ۔ انہوں نے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نریندر مودی اور ان کی حکومت کے ساتھ ساتھ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال پر بالواسطہ تنقید کی ہے ۔ ممتاز ادیبوں گیان انجنی اور بھائی چندرا نمیڈ کے اعزاز میں نریمن پوائنٹ میں واقع وائی بی چوان سنٹر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے گلزار نے کہا کہ دوستو ! میں آپ کو مترو کہہ کر مخاطب کرنے والا تھا لیکن میں رک گیا ۔ جس وقت دہلی سے ملاقات کے لیے میرے دوست یشونت ویاس آئے ہیں میں ڈر سا گیا کیوں کہ آج کل ہر کوئی دہلی والوں سے ڈر رہا ہے ۔ دہلی والوں کے بارے میں یہ وثوق سے نہیں کہا جاسکتا کہ کب کونسا نیا قانون لے کر آجائیں ۔ گلزار کو مذکورہ تقریب میں مہمان خصوصی کی حیثیت سے مدعو کیا گیا تھا ۔ واضح رہے کہ ’ مترو ‘ ہجوم کو مخاطب کرنے کے لیے وزیراعظم نریندر مودی کا پسندیدہ لفظ ہے جس کا مطلب ’ دوستو ‘ ہوتا ہے ۔ آپ کو بتادیں کہ ہندوستان میں فی الوقت نئے شہریت ترمیمی قانون ( سی اے اے ) اور مجوزہ این آر سی کو لے کر کافی بے چینی پائی جاتی ہے ۔ گلزار کا کہنا ہے کہ ادیبوں کو ہمیشہ سچ بولنا چاہئے یہاں تک کہ آج بھی موجودہ حالات میں بھی انہیں سچ کا دامن نہیں چھوڑنا چاہئے ۔ آپ سچ بولیے سچ کو کسی بھی طرح نہیں بدلا جاسکتا ۔ سچائی ادیبوں اور مصنفین کی آواز ہے یہ ایک پرچم کی طرح ہوتی ہے ۔ گلزار نے شرکاء کو بتایا کہ وہ کاسمو پولیٹین کلچر کی ایک بہترین مثال ہے کیوں کہ ان کی پیدائش پنجاب میں ہوئی ۔ بنگال میں عشق کیا اور مہاراشٹرا میں پرورش ہوئی ۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہوگا کہ گلزار نے میگھنا گلزار کی آنے والی فلم چھپاک کے نغمے لکھے ہیں اس فلم میں دیپکا پڈوکون نے اہم کردار ادا کیا ہے ۔۔