دہلی پانی پانی ، سیلاب کی صورتحال پر چیف منسٹر کجریوال پریشان

,

   

Ferty9 Clinic

نئی دہلی : قومی دارالحکومت دہلی مانسون کی بارش سے اس مرتبہ بری طرح متاثر ہے اور صورتحال دن بدن بد سے بدتر ہوتی جارہی ہے ۔ آج ہفتہ کی شام پھر ایکبار موسلادھار بارش ہوئی جب کہ پہلے ہی دو ، تین روز سے تیز بارشوں کے نتیجہ میں لگ بھگ سارا دارالحکومت سیلاب کی زد میں ہے ۔ دریائے جمنا جو شہر سے گذرتی ہے ، اس کی سطح میں ریکارڈ اضافہ ہوچلا ہے ۔ سارے بلدی حکام کئی دن سے متحرک ہیں لیکن وہ شدید موسم کے آگے بے بس نظر آرہے ہیں ۔ جہاں جہاں پانی جمع ہو کر سیلاب جیسی صورتحال پیدا ہورہی ہے وہاں حکام پانی کی نکاسی کو یقینی بنا رہے ہیں ۔ تاہم بڑا مسئلہ ہریانہ کے ہتنی کند بیاریج سے چھوڑے جانے والے پانی سے پیدا ہورہا ہے جو دہلی کے لیے مسائل میں اضافہ کررہا ہے ۔ دریائے جمنا کے کنارے رہنے والے ہزارہا افراد کو ہنگامی انداز میں محفوظ تر مقامات کو منتقل کیا جارہا ہے ۔ چیف منسٹر دہلی اروند کجریوال بھی دہلی میں بارشوں اور سیلاب کی صورتحال پر فکر مند نظر آرہے ہیں انہوں نے بعض مقامات کا بہ نفس نفیس جائزہ لیا ۔ انہوں نے حکام کو جمنا بیاریج کی تمام 5 گیٹس کھول دینے کی ہدایت دی ہے ۔ ان میں سے بعض گیٹس زنگ کی وجہ سے جام ہوگئے ہیں ۔ یہ مصیبت پر مصیبت کے مصداق حکومت دہلی اور بلدی حکام کے لیے درد سر بن رہا ہے ۔ جمنا کی سطح 45 سال میں سب زیادہ 208.66 میٹر ریکارڈ کی گئی ہے ۔۔