نئی دہلی، 31 جنوری (آئی اے این ایس) دہلی پرو والی بال لیگ (ڈی پی وی ایل) کا باضابطہ آغازکردیا گیا ہے، جسے دہلی والی بال اسوسی ایشن کی سرپرستی حاصل ہے، جبکہ دہلی اولمپک اسوسی ایشن کی جانب سے بھی مکمل تعاون فراہم کیا جا رہا ہے۔ سابق قومی والی بال کھلاڑیوں نیتی راوت اورجسودا گْلیہ نے دہلی پرو والی بال لیگ کے آغاز کا باضابطہ اعلان کیا، جس کے میچز رواں برس ہی کھیلے جائیں گے۔ اس موقع پرکلدیپ وتس، صدر دہلی اولمپک اسوسی ایشن اور جوائنٹ سیکریٹری، والی بال فیڈریشن آف انڈیا بھی موجود تھے، جنہوں نے لیگ کو مکمل تعاون کی یقین دہانی کروائی۔ یہ لیگ چھ فرنچائزز پرمشتمل ہوگی، جس میں دہلی کے ساتھ ساتھ ملک بھر کے کھلاڑیوں کو شامل کیا جائے گا۔ کھلاڑیوں کا انتخاب آئندہ مہینوں میں منعقد ہونے والے ٹرائلزکے ذریعے کیا جائے گا۔ کلدیپ وتس نے کہا دہلی ہمیشہ سے بہترین والی بال صلاحیت پیدا کرتا آیا ہے۔ دہلی پرو والی بال لیگ ایک بروقت اور نہایت ضروری اقدام ہے، جو کھلاڑیوں کو پیشہ ورانہ مواقع فراہم کرے گا اور ریاستی و قومی سطح پر والی بال کے نظام کو مضبوط بنائے گا۔ اس موقع پر سْدھیر وتس، صدر دہلی والی بال اسوسی ایشن بھی موجود تھے۔ انہوں نے اس اقدام کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا یہ لیگ دہلی کے والی بال ٹیلنٹ کی شناخت، تربیت اور حوصلہ افزائی میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔